جھارکھنڈ کی معدنی دولت کم ہوتی رہی، لیکن سورین خاندان کی دولت بڑھتی رہی:کھیرو مہتو
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی30ستمبر: جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری شیام رجک نے بیڑو کے مہادانی میدان میں منعقدہ جے ڈی یو کے مانڈر اسمبلی ورکرس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ریاستی جے ڈی یو کے صدر اور ایم پی کھیرو مہتو نے بھی ورکرز کانفرنس میں شرکت کی۔ جے ڈی یو کے مانڈر اسمبلی انچارج بگا منج نے پروگرام کی صدارت کی۔ اس موقع پر سابق وزیر سدھا چودھری، جے ڈی یو لیڈر ڈاکٹر آفتاب جمیل، شرون کمار، ساگر کمار، سنجے سنگھ، دیپ نارائن سنگھ، دشینت پٹیل، پردیپ رجک اور دیگر موجود تھے۔ ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیام رجک نے کہا کہ جب جھارکھنڈ الگ ہوا تو یہاں معدنی وسائل، بجلی اور پانی کی فراوانی تھی، بہار میں سوائے ایک لیڈر کے کچھ نہیں تھا جس کا نام نتیش کمار ہے۔ جنہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیت کے بل بوتے پر بہار کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنایا۔ آج ملک میں ہر طرف نتیش ماڈل کا چرچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کی حالت زار دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ یہاں معدنی دولت کم ہوتی رہی اور سورین خاندان کی دولت بڑھتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ کسان اپنے کھیتوں کو لے کر پریشان ہیں، نوجوان روزگار کی فکر میں ہیں اور جھارکھنڈ کھیلوں کے میدان میں بھی پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ملنے والی رقم میں بھی لوٹ مچی ہے۔ غریبوں کو راشن نہیں مل رہا ہے، راشن کارڈ نہیں بن رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو آیوشمان کارڈ بنانے میں دشواری کا سامنا ہے اور پیسے کی کمی کی وجہ سے لوگ علاج سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور جھارکھنڈ کو آگے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تقدیر بدلنی ہے تو حکومت بدلنی ہوگی۔ ہمیں این ڈی اے حکومت بنانے میں تعاون کرنا ہوگا۔