
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،:۔ ریاستی بی جے پی کے نائب صدر جواہر پاسوان نے اتوار کو پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ ریاستی صدر بابولال مرانڈی کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ میں انہوں نے کہا کہ انہیں پارٹی میں عزت نہیں مل رہی ہے اور کئی بار ان کی توہین کی گئی ہے۔ انہوں نے ریاستی لیڈران سے اس کی شکایت کی، اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، اس لیے میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔ بی جے پی سے استعفیٰ دینے کے بعد جواہر پاسوان جھارکھنڈ مکتی مورچہ میں شامل ہو گئے۔ رانکا میں ہوئے انتخابی جلسے میں انہوں نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور وزیر متھلیش ٹھاکر کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت لی۔ یہاں اطلاع ملی ہے کہ جواہر پاسوان پلاموں لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ کے مضبوط دعویدار تھے، لیکن انہیں لوک سبھا انتخابات کے دوران ٹکٹ نہیں ملا تھا۔ اس کے بعد وہ اسمبلی انتخابات میں گڑھوا یا چھترپور اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ مانگ رہے تھے۔ لیکن انہیں یہاں سے بھی ٹکٹ نہیں ملا۔ ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض ہو کر وہ بی جے پی چھوڑ کر جے ایم ایم میں شامل ہو گئے۔ جواہر لال پاسوان گڑھوا کے رہنے والے ہیں۔
