بھوک ہڑتال پر بیٹھے کارکنان کو حراست میں لیا گیا
سرینگر، 31 جنوری (ہ س) ۔عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے کئی کارکنوں کو جمعہ کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ بارہمولہ کے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ اور پارٹی کے سربراہ شیخ عبدالرشید عرف انجینئر رشید کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لئے سرینگر میں ایک دن کی بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اے آئی پی کے کارکن سنگرمال شاپنگ کمپلیکس میں جمع ہوئے جہاں انہوں نے بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب ضلعی حکام نے شہر کے لال چوک علاقے میں پرتاپ پارک کے قریب دھرنے کے لیے پارٹی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔پولیس والوں نے، جو نئے مقام پر انتظار کر رہے تھے انجینئر رشید کے بیٹے ابرار سمیت اے آئی پی کارکنوں کو گاڑیوں میں بٹھا کر کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں حراست میں لے لیا۔ اسے سے قبل ابرار نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے والد کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دینا جمہوریت کا قتل ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں ساڑھے پانچ سال سے جیل میں ڈالا گیا ہے اور انہیں پارلیمنٹ میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ جمہوریت کا قتل ہے۔اے آئی پی نے کہا کہ پارٹی کے کارکنوں نے رشید کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک دن کی بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا منصوبہ بنایا تھا، جو تہاڑ جیل میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کر رہے ہیں۔رشید گزشتہ سال بارہمولہ حلقہ سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے، انہوں نے عمر عبداللہ کو شکست دی، جو اب جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ ہیں، اور پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کو بھی انہوں نے شکست دی تھی۔



