
میڈرڈ/نئی دہلی، 15 جنوری (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 13 سے 14 جنوری تک اسپین کا سرکاری دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے بادشاہ فیلیپ ششم اور صدر پیڈرو سانچیز سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ کے طور پر ڈاکٹر جے شنکر کا میڈرڈ کا یہ پہلا دورہ تھا۔ ہسپانوی شاہ اور صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران، دونوں فریقوں نے باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں اور بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسٹر سانچیز کے گزشتہ سال ہندوستان کے دورے سے پیدا ہونے والے سازگار ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب وزیر خارجہ جوز مینوئل البیرس سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لیا۔ وزراء نے تجارت اور معیشت، دفاع اور سلامتی، سیاحت، ثقافت اور عوام سے عوام کے روابط سمیت مختلف شعبوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
