International

لبنان پر اسرائیلی پیجر حملہ : دفاعی حکام کی مخالفت کے باوجود نیتن یاہو نے حکم دیا

10views

تل ابیب 13 نومبر(ایجنسی) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے 17 ستمبر کو لبنان میں کیے گئے پیجر اور واکی ٹاکی حملوں کے بارے میں تصدیق کر دی ہے کہ یہ حملے اسرائیل نے کیے تھے اور ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے لیے پیجر حملے بہت بڑا دھچکہ ثابت ہوئے تھے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے حوالے سے یہ تصدیقی بیان ان کے دفتر کے ترجمان اومر دوستری نے پیر کے روز جاری کیا ہے۔ اسرائیل کی افواج جو 8 اکتوبر 2023 سے حزب اللہ کے ساتھ سرحدی جھڑپوں میں مصروف تھیں ان کی ستمبر 2024 میں جنگی حکمت عملی کے مطابق وسعت اور پھیلاؤ شروع کیا گیا۔اس سلسلے میں اسرائیلی فوج نے بیروت کو خصوصی بمباری کا نشانہ بنایا اور انہی دنوں حزب اللہ کو نفسیاتی اعتبار سے کمزور اور خوفزدہ کرنے کے لیے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے ذریعے کی گئی ایک تیاری کو بروئے کار لایا گیا۔ یہ تیاری لبنان میں پیجر اور واکی ٹاکی استعمال کرنے والے ہزاروں افراد کو بیک وقت ٹارگیٹ کر کے دھماکے کرنے کی تھی۔ اسرائیل نے اپنے اس منصوبے پر 17 ستمبر کو عمل کیا۔یہ پیجر حملے بیروت اور جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔ بعد ازاں واکی ٹاکیز کے استعمال کرنے والے سرکاری اہلکار بھی اس اسرائیلی حملے کی زد میں آگئے۔ حزب اللہ کے ایک ذمہ دار نے اپنا نام سامنے نہ لانے کی شرط پر کہا پچھلے ایک سال کے دوران یہ حزب اللہ کے لیے بہت بڑا الارمنگ نوعیت کا واقعہ تھا۔ اس سے قبل سیکیورٹی کا اتنا بڑا مسئلہ ہوا نہ کمزوری سامنے آئی تھی۔یاد رہے اس واقعے میں ہزاروں زخمی ہوئے اور درجنوں ہلاک ہو گئے تھے۔ بہت سے ایسے بھی ہیں جنہیں کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہونا پڑا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق یہ تعداد بالترتیب 3400 سے زائد اور 40 تھی۔ ان میں 3400 زخمی ہوئے جبکہ 40ہلاک ہوگئے۔اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نے پیجر حملے اور واکی ٹاکی حملے کی ذمہ داری باقاعدہ طور پر کابینہ کے اجلاس کے دوران قبول کرتے ہوئے کہا جب یہ فیصلہ کیا جانا تھا دفاعی حکام سمیت کئی سیاسی عہدے داروں نے اس کی مخالفت کی مگر نیتن یاہو نے ان کی مخالفت کے باوجود یہ فیصلہ کر دیا اور پیجر حملوں کا حکم دے دیا ۔حزب اللہ کو لگائے گئے اس بڑے دھچکے کے بعد اسرائیل نے حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کو بھی بیروت میں آسانی سے ٹارگیٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یوں 27 ستمبر کو حسن نصراللہ کو بھی حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹرز میں نشانہ بنانے کے لیے اسرائیل نے بمباری کا سہارا لیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.