ہومInternationalترکش ایئرلائن کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی، کھٹمنڈو ایئرپورٹ 98...

ترکش ایئرلائن کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی، کھٹمنڈو ایئرپورٹ 98 منٹ کے لیے بند

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

کٹھمنڈو، 11 مئی (یواین آئی) ترکش ایئرلائنز کے ایک طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگنے کے بعد پیر کی صبح نیپال کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کو تقریباً 98 منٹ کے لیے بند کر دیا گیا، جس سے ملکی اور بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں۔نیپال کے شہری ہوابازی ادارے کے اسسٹنٹ ترجمان گیانیندر بھُل کے مطابق صبح 6:34 بجے طیارے کے دائیں جانب کے مرکزی لینڈنگ گیئر میں آگ لگنے کے بعد ہوائی اڈے پر پروازوں کا آپریشن معطل کر دیا گیا تھا۔ صورتحال قابو میں آنے کے بعد صبح 8:12 بجے پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئیں۔حکام کے مطابق واقعے کے دوران ایئرلائن کا وائیڈ باڈی طیارہ ٹیکسی وے براوو پر پھنس گیا تھا۔ طیارے کا تقریباً 30 فیصد حصہ ٹیکسی وے پر جبکہ 70 فیصد حصہ رن وے پر موجود تھا، جس کی وجہ سے تمام ملکی اور بین الاقوامی پروازیں روک دی گئیں۔ہوائی اڈہ انتظامیہ کے مطابق طیارے میں عملے کے 11 ارکان سمیت کل 288 افراد سوار تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ طیارے کے دائیں مرکزی لینڈنگ گیئر کے ایک ٹائر میں آگ لگی تھی۔حکام نے بتایا کہ واقعے کی ممکنہ وجوہات میں سخت لینڈنگ، ٹائر پریشر میں خرابی یا کوئی دوسری تکنیکی خرابی شامل ہو سکتی ہے، تاہم تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔مسٹر بھُل نے بتایا کہ تمام مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ایئرلائن کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق دو مسافروں کی انگلیوں پر معمولی چوٹیں آئیں۔واقعے کے بعد طیارے کو فی الحال گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور کٹھمنڈو سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ہوٹل میں قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔ حکام نے ضروری مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچانے کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔طیارے کی تکنیکی جانچ جاری ہے۔ مرمت اور دیکھ بھال کی ٹیم ہوائی اڈے پر معائنہ کرے گی، جبکہ شہری ہوابازی ادارے کا فلائٹ سیفٹی اسٹینڈرڈ ڈیپارٹمنٹ بھی تفصیلی تحقیقات کرے گا۔مسٹر بھُل نے کہاکہ “ہم نے واقعے کا تفصیلی تکنیکی جائزہ شروع کر دیا ہے۔”واضح رہے کہ ترکش ایئرلائنز استنبول سے نیپال کے لیے ہفتے میں پانچ پروازیں چلاتی ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.