وزرائے خارجہ اور رہنماؤں کی شدید مذمت
بیروت، 9 مارچ (یو این آئی) عالمی برادری لبنان پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں پر چیخ اٹھی ہے، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور رہنماؤں نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی ہے۔فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملے جنگ بندی کی پائیداری کے لیے براہ راست خطرہ ہیں، انھوں نے لبنان کے صدر جوزف عون اور وزیر اعظم نواف سلام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے خلاف وہ لبنان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔فرانسیسی صدر نے کہا میں اسرائیل کی جانب سے لبنانی شہریوں پر حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔ انھوں نے لبنان کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ضرورت اور خودمختاری کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔ اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ نیتن یاہو کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی توہین ناقابل برداشت ہے، لبنان پر حملے کر کے اسرائیل نے بین الاقوامی قانون کی توہین کی ہے، آج ہی نیتن یاہو نے لبنان کے خلاف اپنا سب سے بڑا حملہ کیا ہے، اب بولنے کا وقت ہے، لبنان کو جنگ بندی میں شامل کیا جانا چاہیے۔ہسپانوی وزیر اعظم نے کہا عالمی برادری کو بین الاقوامی قانون کی اس نئی خلاف ورزی کی مذمت کرنی چاہیے، یورپی یونین کو اسرائیل کے ساتھ معاہدے کو معطل کرنا چاہیے اور اسرائیل کے پاس ان مجرمانہ کارروائیوں کے لیے کوئی استثنیٰ نہیں ہونا چاہیے۔قطر کی جانب سے اسرائیلی حملوں کی مذمت اور لبنان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے، قطر نے عالمی برادری سے اسرائیل کے لبنان پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا، مصر نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کو خطے میں افراتفری پھیلانے کی کوشش قرار دیا، ترکیہ اور اٹلی کی جانب سے بھی اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی اور کشیدگی روکنے پر زور دیا گیا۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا نیتن یاہو امن کے لیے بین الاقوامی کو ششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، لبنان میں حملے صورت حال کو مزید خراب کر رہے ہیں، عالمی برادری کو اسرائیل کے لبنان پر قبضے کو فوری ختم کرانا چاہیے۔عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی لبنان پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی گئی، عمان کا مؤقف ہے کہ اسرائیلی حملے جنگی جرائم ہیں اور لبنان کی خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں، عمان کی جانب سے لبنان میں شہادتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانے کیلئےاقدامات کرے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی گئی اور جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا، ریڈکراس نے لبنانی شہری علاقوں پر اسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، لبنانی شہری دفاع کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 254 افراد شہید اور 1165 زخمی ہوئے۔
ایک ایرانی عہدیدار نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو لبنان میں جرائم کی سزا دیں گے، ایران امریکہ جنگ بندی میں پورا خطہ شامل ہے، اسرائیل وعدوں کی خلاف ورزی کے لیے جانا جاتا ہے، اس کو صرف گولیوں سے روکا جائے گا۔



