ہند۔ کناڈ نےا سی ای پی اے مذاکرات کے جلد نتیجے تک پہنچنے کے عزم کا اعادہ کیا
اوٹاوا؍ نئی دہلی۔ 27؍ مئی۔ ایم این این۔صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے اپنے دورے کے دوسرے دن کناڈا کے شہر ٹورنٹو میں کناڈا کے سینئر کاروباری رہنماؤں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا، جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنا اور اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔دن کا آغاز جناب پیوش گوئل کے کلیدی خطاب سے ہوا جو انہوں نے کناڈا -انڈیا بلڈنگ برجز تقریب میں دیا، جس کی میزبانی گلوبل افیئرز کناڈا ، سی آئی آئی اور ایسوچیم نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر ٹورنٹو میں کی تھی۔ اس تقریب میں ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل اور بائیوٹیکنالوجی، کلین ٹیکنالوجی، توانائی اور آئل اینڈ گیس سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباروں، سرمایہ کار گروپوں اور صنعتی انجمنوں کے 150 سے زیادہ نمائندوں نے شرکت کی۔اس کے بعد صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل اور کناڈا کے بین الاقوامی تجارت کے وزیر جناب منیندر سدھو کے درمیان ایک غیر رسمی گفتگو ہوئی، جس کے دوران جناب گوئل نے ہندوستان اور کناڈا کے درمیان بڑھتی ہوئی ہم آہنگی پر روشنی ڈالی اور حکومت اور صنعت کے درمیان مضبوط تعاون کے ذریعے چلنے والے ایک زیادہ مستحکم اور قابل پیش گوئی کاروباری ایکو سسٹم کی ضرورت پر زور دیا۔ کناڈا کے وزیر سدھو نے قریبی دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا، کناڈا میں اب تک کے سب سے بڑے ہندوستانی کاروباری وفد کی موجودگی کو سراہا اور اس سال نومبر میں ہندوستان کے لیے ایک ‘ٹیم کناڈا ٹریڈ مشن، کا اعلان کیا۔ اس مجوزہ مشن کا مقصد کناڈا کی کمپنیوں کو ہندوستان لانا ہے تاکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اہم معدنیات، نیوکلیئر انرجی، قابل تجدید توانائی، سیمی کنڈکٹرز، کلین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ دونوں فریقین نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کو 50 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانے اور سال کے آخر تک سی ای پی اے مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے اپنے مشترکہ مقصد کا اعادہ کیا۔اس کے بعد کناڈا -انڈیا انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل یعنی ہندوستان- کناڈا سرمایہ کاری گول میز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی مشترکہ صدارت دونوں وزراء نے کی۔ راؤنڈ ٹیبل میں کناڈا کے معروف مالیاتی سرمایہ کاروں بشمول پنشن فنڈز اور بینکوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور کناڈا دونوں کے سینئرسرکاری نمائندوں نے شرکت کی۔ بات چیت میں حکومت ہند کی طرف سے انفراسٹرکچر کی ترقی، مالیاتی شعبے کی اصلاحات اور کاروبار کرنے میں آسانی پر مسلسل زور دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ جناب گوئل نے متعلقہ فریقین کو صاف ستھری توانائی، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین کی تنوع جیسے شعبوں میں ہندوستان کے ساتھ شراکت داری کرنے کی دعوت دی، جبکہ دونوں ممالک کے لیے پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی حمایت کے لیے مالیاتی منڈیوں میں تعاون کو مزیدگہرا کرنے کے راستے تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4596457