تہران، 11 جون (یو این آئی) ایران کی پاسداران انقلاب نے کویت، بحرین اور اردن میں واقع امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں امریکی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں بندر عباس کی بندرگاہ، جزیرہ قشم، اور جنوبی شہر سیرک، میناب جب کہ تہران کے مغرب میں واقع کرج شامل ہیں۔ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں واقع فضائی اڈوں پر امریکی فوج کے 18 اہداف کے خلاف جوابی حملے کیے، جب کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق آئی آر جی سی نے مسلسل دوسری رات اردن کے الازرق فضائی اڈے پر بھی 12 بیلسٹک میزائل داغے۔ کویت اور بحرین کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظاموں نے رات کے دوران دشمن کے فضائی اہداف کو تباہ کر دیا، تاہم اردن کی جانب سے اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔بحرین کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایران کے حملے کے بعد 11 سالہ لڑکی کو معمولی چوٹیں آئیں اور اس کا جائے وقوعہ پر علاج کیا گیا۔ وزارت کے مطابق ڈرون طیاروں کو روکنے کے بعد گرنے والے ملبے نے حماد ٹاؤن اور دارالحکومت منامہ میں گاڑیوں کو آگ لگا دی اور گھروں کو نقصان پہنچایا۔پاسداران کے مطابق اردن کے الازرق اڈے پر امریکی جنگی طیارے ایران کے خلاف کارروائی کے لیے تعینات تھے۔ آئی آر جی سی نے دعویٰ کیا کہ ان طیاروں میں ایف-15، ایف-16 اور ایف-35 جنگی طیارے شامل تھے، جن میں متعدد جنگی طیارے تباہ کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ کویت میں دو فضائی اڈوں اور بحرین میں ایک فضائی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پاسداران نے بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے مرکز کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، اور دعویٰ کیا کہ ان حملوں سے ہونے والا نقصان وسیع ہے اور اس کے اثرات طاقت ور تھے۔حملوں کے بعد کویت نے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر کے پروازوں کا رخ موڑ دیا، کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ احتیاطی اقدام خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا، کویتی حکام نے کہا ملک کا فضائی دفاعی نظام اس وقت آپریشنل ہے، اور دشمن کے فضائی اہداف کو روک رہا ہے۔ بعد ازاں فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئیں۔اس سے قبل امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا تھا کہ اس نے ایران میں متعدد اہداف پر حملے کیے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں سیلف ڈیفنس کے تحت کی گئی ہیں۔ سینٹکام نے اعلان کیا کہ یہ کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ یہ اعلان حملوں کے آغاز کے تقریباً 4 گھنٹے بعد، تہران میں نصف شب گزرنے کے کچھ ہی دیر بعد کیا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ امریکی فوج ایران پر مزید حملوں کی تیاری کر رہی ہے۔
کویت، بحرین اور اردن پھر نشانہ بن گئے
مقالات ذات صلة











Users Today : 7
Users Yesterday : 170
Users Last 7 days : 1397
Users Last 30 days : 1665
Users This Month : 1651
Users This Year : 1665
Total Users : 4563208