جدہ، 9 اپریل (یو این آئی) سعودی عرب سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کا جائزہ، سٹریٹجک شراکت داری کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، اس کے سلامتی اور اقتصادی اثرات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بھی بات کی۔ خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کی جانے والی تمام کوششوں کی سپورٹ پر زور دیا گیا۔رپورٹس کے مطابق مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی اور انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ خالد بن علی الحمیدان بھی موجود تھے۔قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم سعودی عرب پہنچے تو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
سعودی ولی عہد کی برطانوی وزیر اعظم سے اہم ملاقات
مقالات ذات صلة



