آیت اللہ خامنہ ای کی علاقائی جنگ کی دھمکی کے بعد ٹرمپ ایران سے معاہدے کیلئے پُرامید
واشنگٹن، 2 فروری (یو این آئی) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کی دھمکی کے بعد امریکی صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ معاہدے کیلئے پر امید ہیں۔اتوار کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ’ٹرمپ مسلسل کہتے ہیں کہ وہ جہاز لے آئے ہیں۔ ایرانی قوم ان باتوں سے نہیں ڈرے گی اور نہ ہی ایرانی عوام ان دھمکیوں سے مرعوب ہوں گے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتے اور نہ ہی ایسا چاہتے ہیں، لیکن اگر کوئی ایرانی قوم پر حملہ کرے یا اسے ہراساں کرے گا تو ایرانی قوم اسے سخت جواب دے گی‘۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے حوالے سے پُرامید ہیں۔آیت اللہ خامنہ ای کے انتباہ پر سوال کے جواب میں ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ خامنہ ای علاقائی جنگ کی بات کیوں نہ کریں گے، ظاہر ہے وہ ایسا کہیں گے، مذاکرات ناکام ہوئے تو دیکھیں گے خامنہ ای ٹھیک کہہ رہے تھے یا نہیں۔خیال رہے کہ امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنی بحری موجودگی بڑھا دی ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق اس وقت خطے میں اس کے 6 ڈسٹرائر، ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور تین لیٹورل کامبیٹ شپ موجود ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امید ہے ہم جلد معاہدے پر پہنچ جائیں گے، اگر معاہدہ نہیں ہوتا تو پھر ہمیں معلوم ہوجائے گا کہ خامنہ ای نے ٹھیک کہا تھا یا نہیں۔فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بیان پر صدر ٹرمپ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای علاقائی جنگ کی بات کیوں نہ کریں گے، ظاہر ہے وہ ایسا کہیں گے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہاں ہمارے دنیا کے سب سے بڑے اور طاقتور بحری جہاز موجود ہیں جو چند دنوں میں بالکل قریب ہوں گے۔واضح رہے کہ ایران کے سپر یم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ کا ایران پر حملہ پورے خطے کا تنازع بن جائے گا۔ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکہ نے جنگ شروع کی تو اس بار یہ علاقائی جنگ بن جائے گی، اہل ایران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔



