کناڈا ، گرین لینڈ اور پناما کنال کو حاصل کرنے کیلئے ’فوجی یا اقتصادی جبر‘ سے انکار نہیں
حلف اٹھانے سے قبل ٹرمپ نے دکھائے تیور
واشنگٹن، 8 جنوری (ہ س؍ ایجنسی)۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حماس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ان کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو مشرق وسطیٰ میں سب کچھ برباد ہو جائے گا۔ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔ نومنتخب صدر ٹرمپ منگل کے روز فلوریڈا کے مار-ا-لاگو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران حماس کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ حماس کے ذریعہ یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کے لئے سخت رویہ اپناتے ہوئے ٹرمپ نے واضح طور پر کہا کہ 20 جنوری کو امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو یہ حماس یا کسی کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر میرے اقتدار سنبھالنے تک اسرائیلی یرغمالیوں کو واپس نہ کیا گیا تو مشرق وسطیٰ میں سب کچھ بگڑ جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انہیں بہت پہلے یرغمالیوں کو رہا کر دینا چاہیے تھا۔ عوام کو کبھی یرغمال نہیں بنانا چاہیے تھا۔ 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے دہشت گردوں کے حملے کے بعد، اسرائیل کا اندازہ ہے کہ تقریباً سو افراد اب بھی حماس کے ہاتھوں یرغمال ہیں، جن کی رہائی کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔
امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاناما کینال اور گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال اور کینیڈا کو حاصل کرنے کے لیے ’معاشی قوت‘ کے استعمال کو مسترد کرنے سے انکار کر دیا ہے، سی این این نے رپورٹ کیا۔ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ان علاقوں کو حاصل کرنے کے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ’فوجی یا اقتصادی جبر‘ کے استعمال کو مسترد کریں گے۔انہوںنے جواب دیا، ’نہیں، میں آپ کو ان دونوں میں سے کسی ایک کے بارے میں یقین نہیں دے سکتا، لیکن میں یہ کہہ سکتا ہوں، ہمیں معاشی تحفظ کے لیے ان کی ضرورت ہے‘۔ ٹرمپ نے کہا کہ ڈنمارک کو گرین لینڈ پر اپنا کنٹرول چھوڑ دینا چاہیے ورنہ اسے اعلیٰ محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ گرین لینڈ کے لوگ آزادی یا امریکہ کا حصہ بننے کے لیے ووٹ دے سکتے ہیں۔



