ہومInternationalبیروت میں رمادا ہوٹل پر اسرائیلی ڈرون حملہ، چار افراد ہلاک

بیروت میں رمادا ہوٹل پر اسرائیلی ڈرون حملہ، چار افراد ہلاک

بیروت، 8 مارچ (یواین آئی) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ساحلی سیاحتی علاقے روشہ میں واقع رمادا ہوٹل پر اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے۔مقامی میڈیا کے مطابق حملہ اتوار کی صبح سویرے کیا گیا اور دھماکے کی آواز قریبی علاقوں کے رہائشیوں نے بھی سنی۔ روشہ بیروت کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے جہاں عام طور پر حزب اللہ کی نمایاں موجودگی نہیں سمجھی جاتی۔لبنانی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا کہ حملے میں کس ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب اس ہفتے کے آغاز سے اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کی طرف راکٹ اور ڈرون داغے تھے جس کے جواب میں اسرائیل نے لبنان کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے۔بدھ کے روز بیروت کے مشرق میں واقع عیسائی اکثریتی علاقے الحازمیہ میں بھی کومفورٹ ہوٹل کو اسرائیلی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔لبنانی سوشل میڈیا صارفین اور مقامی نیوز پلیٹ فارمز نے رمادا ہوٹل پر ہونے والے حملے کی مبینہ ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔ادھر اسرائیلی فورسز نے مشرقی لبنان میں ایک خصوصی کارروائی کے دوران حزب اللہ کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے قصبے نبی شیت پر شدید فضائی حملے کیے جس میں 41 افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیل کا مقصد 1986 سے لاپتہ اپنے پائلٹ رون آراد کی باقیات تلاش کرنا تھا تاہم اس حوالے سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔خبر رساں ادارے کے فوٹوگرافر کے مطابق نبی شیت کے مرکزی چوک کا منظر جنگی میدان جیسا تھا جہاں کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں، گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں اور ایک ایمبولینس بھی تباہ شدہ گاڑیوں میں شامل تھی۔مقامی رہائشی محمد موسیٰ نے بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں انتہائی شدید تھیں اور بعد میں معلوم ہوا کہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فوجی اتارے گئے تھے۔اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ خصوصی دستوں نے لاپتہ پائلٹ رون آراد سے متعلق شواہد تلاش کرنے کے لیے کارروائی کی تاہم کوئی ثبوت نہیں ملا اور کارروائی کے دوران اسرائیلی فورسز کو نقصان نہیں پہنچا۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی کہا کہ اگرچہ اس آپریشن میں آراد کا کوئی سراغ نہیں ملا تاہم اسرائیل اپنے تمام لاپتہ فوجیوں کی تلاش جاری رکھے گا۔یاد رہے کہ اسرائیلی پائلٹ رون آراد 1986 میں لبنان کے اوپر طیارہ گرنے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے اور آج تک ان کی باقیات نہیں مل سکیں۔لبنانی فوج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے کہا کہ اسرائیلی کمانڈوز ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اترے اور انہوں نے لبنانی فوج جیسی وردیاں پہن رکھی تھیں جبکہ بعض فوجی گاڑیاں اور ایمبولینسیں بھی استعمال کی گئیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات