Saturday, December 6, 2025
ہومInternationalاحتجاج میں شدت کے بعد لاس اینجلس کے مرکزی علاقے میں ایمرجنسی...

احتجاج میں شدت کے بعد لاس اینجلس کے مرکزی علاقے میں ایمرجنسی کرفیو نافذ

لاس اینجلس، 11 جون (یو این آئی) احتجاج میں شدت آنے کے بعد لاس اینجلس کے مرکزی علاقے کے کچھ حصے میں ایمرجنسی کرفیو نافذ کر کے خلاف ورزی پر درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا، کرفیو رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ العمل رہے گا، میئر کیرن باس کے مطابق اندیشہ ہے کہ یہ اگلے چند دنوں تک جاری رہے گا۔امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق امیگریشن چھاپوں کے خلاف احتجاج مزید شہروں میں بھی پھیلتا جارہا ہے، لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ کے چیف جم میکڈونل نے بتایا کہ گزشتہ 4 دنوں میں کم از کم 378 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے تقریباً 200 افراد آج گرفتار کیے گئے، میئر نے بتایا کہ مظاہروں کے دوران 23 کاروباروں میں لوٹ مار کی گئی۔دوسری جانب ایک وفاقی جج نے ریاست کیلیفورنیا کی لاس اینجلس میں نیشنل گارڈز، میرینز کی تعیناتی اور امیگریشن قوانین کے نفاذ کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ سینیئر امریکی ڈسٹرکٹ جج چارلس آر بریئر نے اس معاملے کی سماعت جمعرات کے دن مقرر کی ہے۔تقریباً 700 میرینز کو وفاقی عملے اور املاک کی حفاظت کے لیے متحرک کیا گیا ہے، وہ لاس اینجلس کے باہر موجود ہیں اور احکامات کے منتظر ہیں، امریکی حکام نے ’سی این این‘ کو بتایا کہ ان میں سے کئی اضافی تربیت حاصل کر رہے ہیں تاکہ مظاہروں سے نمٹنے میں مدد کر سکیں۔ٹرمپ انتظامیہ کے ارکان نے کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم کے منگل کی رات کیے گئے خطاب پر ردعمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے امریکی عوام کو خبردار کیا تھا کہ ’جمہوریت پر حملہ ہو رہا ہے‘۔اس کے جواب میں وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر آف کمیونیکیشنز اسٹیون چُنگ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں جواب دیا کہ ’نیوسم نے شاید کملا اور بائیڈن کی ہارنے والی مہم ٹیم کو بھرتی کر لیا ہے، کیونکہ وہ کہہ رہے ہیں یہ ’جمہوریت کے لیے خطرہ‘ ہے۔ڈپٹی چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر نے بھی ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’پوری ڈیموکریٹک پارٹی اس ایک ہی نظریے سے وابستہ ہے کہ ہر امریکی شہر میں تارکین وطن کی بھرمار کی جائے‘۔وائٹ ہاؤس کی ڈپٹی پریس سیکریٹری ابیگیل جیکسن نے ’ایکس‘ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نیوسم کا خطاب اپنی نااہلی کا الزام صدر ٹرمپ پر ڈالنے کے مترادف ہے۔گورنر کے خطاب میں تکنیکی مسائل کے باعث ایک لمحے کی خاموشی پیدا ہو گئی تھی، جس پر نیوسم کی ٹیم نے معذرت کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں تاخیر کا الزام ’ٹرمپ دور کی شفافیت کے اصولوں‘ پر ڈال دیا تھا۔
Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات