Friday, December 12, 2025
ہومInternationalآسٹریا: اسکولوں میں سر پر اسکارف پہننے پر پابندی کا قانون منظور

آسٹریا: اسکولوں میں سر پر اسکارف پہننے پر پابندی کا قانون منظور

ویا نا 12 دسمبر (ایجنسی)آسٹریا کی پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز بھاری اکثریت سے ایک مسودہ قانون منظور کر لیا، جس کے تحت چودہ برس سے کم عمر لڑکیوں کے لیے اسکولوں میں سر پر اسکارف (حجاب)پہننے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور ماہرین نے اس اقدام کو امتیازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاشرتی تقسیم کو مزید گہرا کرے گا۔مہاجرین مخالف جذبات میں اضافے اور بڑھتے ہوئے سیاسی دباؤ کے دوران، آسٹریا کی قدامت پسند حکومت نے رواں سال کے اوائل میں یہ قانون تجویز کیا تھا اور اس کی وجہ یہ بیان کی تھی کہ اس سے لڑکیوں کو ’’جبر‘‘ سے بچانے میں مدد ملے گی۔اس سے قبل 2019 میں آسٹریا نے پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی عائد کی تھی، تاہم آئینی عدالت نے اسے منسوخ کر دیا تھا۔حکومت کا اصرار ہے کہ اس بار پیش کیا گیا قانون آئینی طور پر درست ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے کسی ایک مذہب کے خلاف امتیازی اقدام کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے … اور یہ بچوں کو ایک مشکل اور الجھا دینے والی صورتِ حال میں ڈال دے گا۔قانون کے مطابق چودہ برس سے کم عمر لڑکیوں کے لیے کسی بھی اسکول میں سر ڈھانپنے والا وہ حجاب پہننا ممنوع ہوگا جو ’’اسلامی روایت کے مطابق سر کو ڈھانپتا ہو‘‘۔جمعرات کو ہونے والی بحث کے بعد صرف اپوزیشن جماعت گرین پارٹی نے اس پابندی کے خلاف ووٹ دیا۔خاتون وزیر کلاڈیا بلاکولم نے قانون پیش کرتے ہوئے کہا کہ حجاب کی ’’تمام شکلیں‘‘ جن میں برقع بھی شامل ہے … نئے تعلیمی سال یعنی ستمبر سے مکمل طور پر ممنوع ہو جائیں گی۔فروری سے ایک آزمائشی مرحلہ شروع کیا جائے گا، جس میں اساتذہ، والدین اور بچوں کو نئے قواعد سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ اس دوران خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔تاہم خلاف ورزی کے سلسلے میں تکرار ہونے پر والدین کو 150 سے 800 یورو تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حکومت کے مطابق تقریباً 12 ہزار لڑکیاں اس نئے قانون سے متاثر ہوں گی۔آسٹریا میں انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں نے اس قانون کی مخالفت کی ہے۔ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسے ’’مسلم لڑکیوں کے خلاف واضح امتیاز‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ ’’مسلمانوں کے خلاف تعصب‘‘ کا اظہار ہے۔مہاجرین کی مخالفت کرنے والی انتہائی دائیں بازو کی فریڈم پارٹی نے کہا کہ یہ پابندی نا کافی ہے۔ اس نے مطالبہ کیا کہ اس کا دائرہ کار تمام طلبہ، اساتذہ اور دیگر کارکنوں تک بڑھایا جائے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات