Saturday, December 6, 2025
ہومInternationalپوتن-زیلینسکی ملاقات کیلئے انتظامات جاری ہیں:ٹرمپ

پوتن-زیلینسکی ملاقات کیلئے انتظامات جاری ہیں:ٹرمپ

یو کر ینی صدر زیلینسکی نے ٹرمپ کی تجویز مسترد کردی: رائٹرز

واشنگٹن، 19 اگست (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے روسی صدر سے بات کی ہے لہذا پوتن اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کے درمیان ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی ایلچی وٹکوف ماسکو اور کیف کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوتن اور زیلنسکی کے درمیان متوقع دو طرفہ ملاقات کے بعد دونوں صدور کے ساتھ میری ایک اور سہ فریقی ملاقات کا انتظام کیا جائے گا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ایک ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ پوتن نے ٹرمپ کو زیلنسکی سے ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔یہ فون کال صدر ٹرمپ کی یورپی رہنماؤں کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی بات چیت کے وقفے کے دوران سامنے آئی ہے۔زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین روس یوکرین جنگ کو روکنے اور اسے ختم کرنے کے لیے سفارتی راستہ تلاش کرنے کی ٹرمپ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے قتل عام کو روکنے کے لیے کام کرنے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یوکرین سلامتی اور امن کے حصول کے بعد انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔زیلنسکی نے یہ بھی کہا کہ اب ہمارے پاس امریکہ سے ہتھیار خریدنے کا امکان ہے، اور یوکرین کی فوج کو دوبارہ مسلح کرنے کے لئے سلامتی کی ضمانت فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔اس سے قبل پیر کے روز ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کیف پر زور دیا تھا کہ وہ کریمیا پر دوبارہ قبضہ کرنے اور نیٹو میں شامل ہونے کی کوششوں کو ترک کر دے۔زیلنسکی نے ایکس پر جواب دیا کہ روس کو صرف طاقت کے ذریعے ہی امن کے لئے مجبور کیا جاسکتا ہے اور صدر ٹرمپ کے پاس یہ طاقت ہے۔جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے واشنگٹن اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ یوکرین کے لیے فیصلہ کن دن ہیں اور اس بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا کہ کیا پوتن زیلنسکی کی موجودگی میں سربراہی اجلاس میں آنے کی ہمت کر سکیں گے۔مرز نے یوکرین کے لئے سلامتی کی ضمانتوں کے بارے میں ٹرمپ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے توقعات نہ صرف پوری ہوئیں بلکہ اس سے تجاوز کر گئیں ہیں ۔مرز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پورے یورپ کو یوکرین کے لئے سلامتی کی ضمانتوں میں حصہ لینا چاہئے۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے روس کے زیرقبضہ علاقوں سے دستبرداری کی تجویز مسترد کردی۔غیر ملکی خبر ساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر زیلنسکی کو روس کے زیرقبضہ علاقوں سے دستبرداری کا مشورہ دیا جس پر فوری ردعمل ‎‎ظاہر کرتے ہوئے صدر زیلنسکی نے صدر ٹرمپ کی تجویز کو مسترد کردیا۔وائٹ ہاؤس میں روس یوکرین جنگ کے خاتمہ کے حوالے سے ہونے والے اہم اجلاس میں یورپی رہنماؤں نے فوری جنگ بندی اور سہ فریقی مذاکرات کے آغاز پر زور دیا۔امریکی صدر ٹرمپ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ روسی صدر پوتن نے یوکرین کی سیکیورٹی ضمانت منظور کرلی ہے، جس پر یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ضمانتوں کے معاملے میں سب کچھ چاہتا ہوں۔صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت تمام دوست ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں، صدر ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کے حامی ہیں اور سہ ملکی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔یوکرینی صدر نے کہا کہ ہمیں جنگ کے خاتمے کی حمایت کرنی چاہیے، صدر ٹرمپ کے سفارتی راستے کی حمایت کرتے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ اگر معاملات ٹھیک رہے تو ہم زیلنسکی اور پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کرینگے۔ یوکرین کی سیکیورٹی کے معاملے پر عالمی سطح پر بڑی مدد سامنے آئے گی۔اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے ایک صحافی کی جانب سے یوکرین میں فوج بھیجنے سے متعلق سوال پر جواب دینے سے گریز کیا۔وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ اور یوکرینی ہم منصب زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں فرانسیسی صدر، برطانوی وزیراعظم، جرمن چانسلر، اطالوی وزیراعظم، فن لینڈ کے صدر، یورپی یونین سربراہ بھی ملاقات میں شامل تھے۔وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے بھی اہم اجلاس کا حصہ تھے، گزشتہ ملاقات میں لباس پر تنقید کے باوجود زیلنسکی اس بار پھر فوجی طرز کا سوٹ پہن کر وائٹ ہاؤس آئے۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا کسی بھی امن معاہدے میں یوکرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے یورپ کی مدد کرے گا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات