Saturday, February 14, 2026
ہومInternationalواشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت کا نیا دور جنیوا میں...

واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت کا نیا دور جنیوا میں ہو گا

امریکہ اس بار ایرانی اسٹیٹ اور سیکیورٹی تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے گا: روئٹرز

واشنگٹن، 14 فروری (یو این آئی) آئندہ منگل کو جنیوا میں دو علیحدہ اور اہم سفارتی مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ایران اور یوکرین کے بحرانوں کا حل تلاش کرنا ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب واشنگٹن کی جانب سے تہران کو سختی سے خبردار کیا گیا ہے اور خطے میں کشیدگی کے باعث وسیع تر جنگ کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق منگل کی صبح امریکی وفد، جس میں مقتدر نمائندے اسٹیف وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں، ایرانی نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ یہ ملاقات اس مکالمے کا تسلسل ہے جس کا آغاز 6 فروری کو سلطنت عمان میں ہوا تھا۔ ان مذاکرات کا بنیادی مقصد ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل سرگرمیوں پر کسی معاہدے تک پہنچنا ہے۔اسی دن دوپہر کے بعد، وٹکوف اور کشنر روس اور یوکرین کے نمائندوں کے ساتھ ایک سہ فریقی ملاقات میں شرکت کریں گے۔ یہ کوشش تقریباً چار سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے امریکی انتظامیہ کی سفارتی تگ و دو کا حصہ ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران ایران کو واضح پیغام دیا کہ اگر ایک ماہ کے اندر معاہدہ نہ ہوا تو تہران کو “انتہائی دردناک نتائج” کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا “ہمیں ہر صورت ایک معاہدہ کرنا ہے، ورنہ نتائج بہت سخت ہوں گے۔”مذاکرات میں دباؤ بڑھانے کے لیے امریکی انتظامیہ نے فوجی نقل و حرکت بھی تیز کر دی ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز “یو ایس ایس جيرالڈ آر. فورڈ” مشرق وسطیٰ کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔یہ بحری جہاز بحیرہ عرب میں پہلے سے موجود “ابراہم لنکن” کے ساتھ شامل ہو کر خطے میں امریکی طاقت میں اضافہ کرے گا۔بین الاقوامی طاقتوں کو خدشہ ہے کہ اگر جنیوا میں ہونے والے یہ سیاسی مذاکرات ناکام ہوئے تو مشرق وسطیٰ میں ایک بڑی بد امنی اور تصادم کا آغاز ہو سکتا ہے۔
امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ اس بار ایران پر امریکی حملہ وسیع اور کئی ہفتے طویل ہوگا اور جوہری انفرا اسٹرکچر ہی نہیں ایرانی اسٹیٹ اور سیکیورٹی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ یہ انکشاف روئٹرز نے ایک رپورٹ میں کیا ہے۔امریکی فوج اس امکان کے لیے تیاری کر رہی ہے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر حملے کا حکم دیتے ہیں تو ایران کے خلاف کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی فوجی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔ یہ صورتِ حال دونوں ممالک کے درمیان ماضی میں دیکھے گئے تنازعات سے کہیں زیادہ سنگین تصادم کی شکل اختیار کرسکتی ہے۔دو امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ امریکی فوج ایران کے خلاف مسلسل اور طویل آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، اس مرتبہ حملے کی منصوبہ بندی زیادہ پیچیدہ ہے، مسلسل مہم امریکی افواج اور مشرق وسطیٰ کے لیے زیادہ خطرے کا باعث ہوگی اور امریکہ کو پوری توقع ہے کہ ایران جوابی کارروائی کرے گا۔امریکی حکام نے جمعہ کو بتایا کہ پینٹاگون مشرقِ وسطیٰ میں ایک اضافی طیارہ بردار بحری جہاز بھیج رہا ہے، جس کے ساتھ ہزاروں مزید فوجی، لڑاکا طیارے، گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر اور دیگر عسکری سازوسامان شامل ہوگا، جو حملے کرنے اور دفاع دونوں کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ٹرمپ نے جمعہ کو شمالی کیرولائنا میں ایک فوجی اڈے پر امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا مشکل ثابت ہوا ہے، کبھی کبھی خوف ضروری ہوتا ہے۔ یہی واحد چیز ہے جو واقعی صورتِ حال کو قابو میں لا سکتی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال امریکہ جب ایرانی جوہری تنصیبات حملے کر رہا تھا تو اس نے خطے میں دو طیارہ بردار بحری جہاز بھیجے تھے، تاہم جون میں کی جانے والی کارروائی”مڈنائٹ ہیمر” ایک محدود نوعیت کا یک طرفہ امریکی حملہ تھا، جس میں اسٹیلتھ بمبار طیارے امریکہ سے اڑ کر ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے گئے تھے۔ ایران نے اس کے جواب میں قطر میں ایک امریکی فوجی اڈے پر نہایت محدود جوابی حملہ کر دیا تھا۔عہدیداروں کے مطابق اس بار جاری منصوبہ بندی کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگر کارروائی طویل المدتی مہم کی صورت اختیار کرتی ہے تو امریکی فوج صرف جوہری تنصیبات ہی نہیں بلکہ ایرانی ریاستی اور سیکیورٹی اداروں کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنا سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف ایسی کارروائی میں امریکی افواج کو کہیں زیادہ خطرات لاحق ہوں گے، کیوں کہ ایران کے پاس میزائلوں کا ایک مضبوط ذخیرہ موجود ہے۔ ایرانی جوابی حملے کسی وسیع علاقائی تنازعے کے خطرات کو بھی بڑھاسکتے ہیں۔ اسی عہدیدار نے کہا کہ امریکا کو مکمل توقع ہے کہ ایران جوابی کارروائی کرے گا، جس کے نتیجے میں ایک مدت تک حملوں اور جوابی حملوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات