Sports

ہندوستانی خواتین ٹیم نے آئرلینڈ کو 116 رن سے شکست دی

19views

راجکوٹ، 12 جنوری (یو این آئی) جمائمہ روڈریگس (102)، ہرلین دیول (89)، کپتان اسمرتی مندھانا (73)، پرتیکا راول (67) کی شاندار بلے بازی کے بعد دیپتی شرما (تین وکٹ) کی عمدہ گیند بازی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ کو 116 رنز سے شکست دے دی۔ہندوستانی ٹیم نے اس کے ساتھ ہی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔370 کے بڑے ہدف کے تعاقب کرنے اتری آئرلینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے آٹھویں ہی اوور میں کپتان گیبی لیوس (12) کا وکٹ گنوادیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئیں کرسٹینا کولٹر ریلی نے سارہ فوربس کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دیپتی شرما نے 21ویں اوور میں سارہ فوربس (38) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ 27ویں اوور میں پریا مشرا نے اورلا پرینڈرگسٹ (تین) کو آؤٹ کیا۔ 41ویں اوور میں سنچری کی طرف بڑھنے والی کرسٹینا کولٹر ریلی کو تیتاس سادھو نے بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ کرسٹینا کولٹر ریلی نے 113 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی جدوجہد سے پر اننگ کھیلی۔ 42ویں اوور میں دیپتی شرما نے لورا ڈیلانی (32) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ایوا کیننگ (11) کو پریا مشرا نے آؤٹ کیا۔ لی پال (27) اور جارجینا ڈیمپسی (6) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے آئرش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 254 رنز ہی بنا سکی اور 116 رنز سے میچ ہار گئی۔ہندوستان کی جانب سے دیپتی شرما نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پریا مشرا نے دو وکٹ لیا۔ تیتاس سادھو اور سیالی ستگھرے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے آج یہاں ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ہندوستان کی اسمرتی مندھانا اور پرتیکا راول کی اوپننگ جوڑی نے طوفانی انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 156 رنز جوڑے۔ 19ویں اوور میں اورلا پرینڈرگاسٹ نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ مندھانا نے 54 گیندوں میں 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں جارجینا ڈیمپسی نے پرتیکا راول کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ راول نے 61 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے (67) رنز بنائے۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والی ہارلین دیول اور جمائمہ روڈریگس کی جوڑی نے ایک بار پھر آئرش بولرز کی پٹائی شروع کردی۔ 48ویں اوور میں آرلین کیلی نے ہرلین دیول کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ ہرلین دیول نے 84 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے (89) رنز بنائے۔ جب کہ جمائمہ روڈریگز نے 91 گیندوں میں 12 چوکے لگاتے ہوئے (102) رنوں کی اننگ کھیلی۔ ریچا گھوش (10) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستان نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 370 رنز بناکر ایک روزہ مقابلے میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور کھڑا کیا۔آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ اور آرلین کیلی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جارجینا ڈیمپسی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.