کولکاتا: مغربی بنگال میں ویزرل لیشمانیاسس، جسے کالا ازار یا بلیک فیور بھی کہا جاتا ہے، کے معاملوں میں تیزی سے ہو رہے اضافے کے سبب عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تاہم ایک افسر کا کہنا ہے کہ فی الحال صورتحال تشویشناک نہیں ہے۔ افسر نے بتایا کہ اس سال اکتوبر سے اب تک کل 14 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ حال ہی میں کالا ازار سے متاثرہ ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ مرنے والے کی شناخت اودھیش پاسوان کے طور پر ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ نیشنل سینٹر فار ویکٹر بورن ڈیزیز کے ریکارڈ کے مطابق سال 2023 کے دوران ویزرل لیشمانیاسس سے متاثرہ افراد کی قومی تعداد 375 بتائی جاتی ہے جب کہ اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہے۔
مغربی بنگال کے محکمہ صحت کے ایک سینئر افسر نے کہا، “ریاست میں اب تک کے کیسوں کے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے، یہ نہیں کہا جا سکتا کہ صورت حال تشویشناک ہے، ہم نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کیونکہ مغربی بنگال کے ساتھ بہار، جھارکھنڈ اور اتر پردیش سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں ہیں۔‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکتوبر میں ریاست میں بیک بخار کے متاثر ہونے کے امکان پر الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ جن اضلاع کو خاص طور پر الرٹ کیا گیا ہے وہ مالدہ، شمالی دیناج پور، جنوبی دیناج پور، کلمپونگ اور دارجلنگ ہیں۔