
ہریانہ میں بی جے پی کی ہیٹ ٹرک، دسہرہ پر ہوگی حلف برداری کی تقریب!
نئی دہلی، 8 اکتوبر:۔ (ایجنسی) مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کی 90 نشستوں والی اسمبلی کے لیے ہوئے انتخاب کا نتیجہ آج برآمد ہو گیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ پر سبھی سیٹوں کا نتیجہ سامنے آ چکا ہے اور ’انڈیا اتحاد‘ نے اکثریت کے لیے ضروری 46 سیٹوں کا نمبر بہ آسانی پار کر لیا ہے۔ نیشنل کانفرنس، کانگریس اور سی پی آئی ایم کے اس اتحاد نے 49 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر بی جے پی اور پی ڈی پی کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی انڈیا اتحاد نے حکومت سازی کی سرگرمیاں بھی شروع کر دی ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سرکردہ لیڈر فاروق عبداللہ نے میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔
عام آدمی پارٹ نے بھی وادی میں کھاتہ کھولہ
انتخابی نتیجہ کا سرسری جائزہ لیا جائے تو نیشنل کانفرنس نے 42، کانگریس نے 6 اور سی پی آئی ایم نے ایک سیٹ حاصل کی ہے۔ بی جے پی نے جن 29 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، وہ سبھی جموں علاقہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ جموں میں 43 اسمبلی سیٹیں ہیں جن میں سے 29 پر بی جے پی نے، 8 پر انڈیا اتحاد نے اور 6 پر دیگر نے قبضہ کیا۔ کشمیر علاقہ کی 47 سیٹوں میں انڈیا اتحاد نے 41، پی ڈی پی نے 3 اور دیگر نے 3 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیے یہ ایک بڑی خوشخبری کہی جائے گی کہ ڈوڈہ سے ان کے امیدوار مہراج ملک نے کامیابی حاصل کی ہے۔ مہراج ملک نے بی جے پی امیدوار گجے سنگھ رانا کو 4538 ووٹوں سے شکست دی۔
ہریانہ میں بی جے پی 48 کانگریس کو 36 سیٹیں
ہریانہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی نے سبھی کو حیران کرتے ہوئے 48 سیٹیں حاصل کر لی ہیں۔ 90 نشستوں والی اس ریاستی اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے 46 سیٹوں پر کامیابی کی ضرورت ہوتی ہے، جس سے بی جے پی کو 2 سیٹیں زیادہ ملی ہیں۔ کانگریس 36 سیٹیں ہی حاصل کر سکی، حالانکہ سیاسی ماہرین اور ایگزٹ پول بھی ریاست میں کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کر رہے تھے۔ دُشینت چوٹالہ کی پارٹی جے جے پی کو اس انتخاب میں بری طرح سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جے جے پی کو محض ایک سیٹ ملی ہے۔ خود دُشینت چوٹالہ نے جس سیٹ سے امیدوار لڑا، وہاں وہ پانچویں نمبر پر رہے۔
ونیش پھوگاٹ فتحیاب
پہلوان اور کانگریس امیدوار ونیش پھوگاٹ نے ہریانہ کی جولانہ اسمبلی سیٹ سے جیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے سخت مقابلہ میں بی جے پی امیدوار یوگیش کمار بیراگی کو 6140 ووٹوں سے شکست دی ہے۔
’آپ‘ کا کھاتہ بھی نہیں کھلا
دوسری طرف دہلی میں حکومت پر قابض عآپ کو بھی شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس نے ہریانہ میں 89 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے اور جیت کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے۔ لیکن عوام نے ان کو سرے سے خارج کر دیا اور انہیں ایک سیٹ کے لائق بھی نہیں سمجھا۔ عآپ کے لئے یہ انتخاب ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے۔ بیشتر سیٹوں پر عآپ امیدوار ضمانت بھی نہیں بچا سکے۔
