National

لوک سبھا انتخاب سے قبل سی اے اے نافذ کرنا بی جے پی کی ووٹ بینک کی گندی سیاست: کیجریوال

148views

بی جے پی کے لوک سبھا الیکشن سے قبل شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ کرنے کے معاملے پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مودی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کے ذریعے بی جے پی نے ووٹ بینک کی گندی سیاست کی ہے۔ لوگ چاہتے ہیں کہ اس قانون کو منسوخ کیا جائے۔

کیجریوال نے اس بارے میں ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’’اس قانون کے ذریعے مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے پاکستان اور بنگلہ دیش سے بڑی تعداد میں غریب اقلیتوں کے لیے ہندوستان آنے کے دروازے کھول دیے ہیں۔‘‘ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے کہا کہ ’’پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش میں 3.5 کروڑ اقلیتیں ہیں۔ بی جے پی پاکستان اور بنگلہ دیش سے آنے والے غریب تارکین وطن کو نوکریاں اور مکانات دینے میں ہمارا پیسہ خرچ کرنا چاہتی ہے۔‘‘

دہلی کے وزیر اعلیٰ نے  دعویٰ کیا کہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ ہوگا کیونکہ پڑوسی ممالک سے ہندوستان میں آکر بسنے والی غریب اقلیتیں اس کا ووٹ بینک بن جائیں گی۔ کیجریوال نے کہا کہ ’’لوک سبھا انتخابات سے پہلے سی اے اے کو نافذ کرنا بی جے پی کی ’ووٹ بینک کی گندی سیاست‘ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ملک سی اے اے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر سی اے اے منسوخ نہیں کیا گیا تو وہ بی جے پی کے خلاف ووٹ دیں۔‘‘ واضح رہے کہ شہریت (ترمیمی) ایکٹ کے ذریعے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے 31 دسمبر 2014 سے قبل ہندوستان آئے غیر مسلم تارکین وطن کو شہریت دی جائے گی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.