National

برادران وطن کے دل میں جگہ بنانا ہے تو سماجی خدمت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے: ساجد ملک

205views

خدمت خلق اور انسانی ضروریات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے سینئر کانگریسی لیڈر، سماجی کارکن اور العائشہ فاؤنڈیشن کے چیرمین ساجد ملک نے کہا کہ مسلمانوں کو برادران وطن اور ہر طبقے کے دل میں جگہ بنانا ہے تو سماجی خدمات کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔یہ بات انہوں نے العائشہ فاؤنڈیشن کی طرف سے سردی کے موقع پر بہار کے جہاں آباد میں غریبوں میں کمبل کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ سماجی خدمات کے میدان میں مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اوروہ باضابطہ رضاکار تنظیم بناکر سماجی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ ویسے تو مسلمان سماجی خدمات کے میدان میں آگے رہتے ہیں اور اس کی زندہ مثال کورونا کے دوران کئے گئے خدمات  کے کام ہیں، خاص طورپر اس وقت جب بہت سے لوگ کورونا کے خوف سے گھروں میں قید ہوگئے تھے اس وقت مسلمانوں نے نہ صرف لوگوکو کھانا اور دیگر ضروریات فراہم کی بلکہ برادران وطن کے مردوں تک کی آخری رسومات ادا کیں۔انہوں نے کہاکہ یہ سماجی خدمات باضابطہ تنظیم بناکر اور منظم طور پر نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے اور میڈیا کے تعصب کے سبب میڈیا میں وہ جگہ نہیں بناسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان ہی ہیں جو مذہب، ذات پات اور علاقائیت سے اوپر اٹھ کر کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں آباد میں کمبل تقسیم کے مستفیدین کی فہرست سے انداز لگایا جاسکتا ہے۔اس تقریب کے مہمان خصوصی ضلع کلکٹر جہاں آباد روچی پانڈے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب طبقوں کی مدد ہی  سب سے اہم انسانی خدمت ہے۔ اس میں سب کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔ جہاں آباد کی کونسلر زینب خاتون نے انتظامات سنبھالتے ہوئے کہا کہ العائشہ فاؤنڈیشن ہر سال غریبوں میں کمبل تفسیم کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کمبل کی تقسیم میں ًغریبوں کا خیال رکھا جاتا ہے اس میں مذہب ذات پات نہیں دیکھا جاتا۔

واضح رہے کہ العائشہ فاؤنڈیشن ہر سال سردیوں میں پٹنہ، گیا اور جہاں آباد کے علاوہ دیگر علاقوں میں غریبوں میں کمبل تقسیم کرتا ہے۔

Follow us on Google News