International

غزہ کی آبادی کے کوچ کیلئے اسرائیلی فوج کو منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت

10views

سمندری اور فضائی راستے سے بھی کوچ کرنے کے خصوصی انتظامات شامل ہوں گے

تل ابیب 06 فروری (ایجنسی) اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے فوج کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایک ایسا منصوبہ تیار کرے جس کے تحت غزہ کی پٹی کے فلسطینی رضا کارانہ طور پر اپنے علاقوں کو چھوڑ کر چلے جائیں۔ یہ بات جمعرات کے روز اسرائیلی فوجی ریڈیو نے بتائی ہے۔واضح رہے کہ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ منصوبے پر عالمی برادری کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔کاتز نے واضح کیا ہے کہ منصوبے میں زمینی گزر گاہوں کے راستے نکلنے کے علاوہ سمندری اور فضائی راستے سے بھی کوچ کرنے کے خصوصی انتظامات شامل ہوں گے۔ اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق منصوبے کے تحت غزہ کے لوگوں کو اجازت ہو گی کہ وہ دنیا میں جس جگہ کو بھی مناسب سمجھیں وہاں چلے جائیں۔ادھر امریکی ٹی وی چینل “فوکس نیوز” پر جمعرات کے روز نشر ہونے والے انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ “اصل تجویز یہ ہے کہ غزہ کی آبادی میں جو جانا چاہتا ہے اسے جانے کی اجازت دی جائے۔ میرا مطلب ہے کہ اس میں کیا خرابی ہے ؟ وہ کوچ کر سکتے ہیں پھر اس کے بعد وہ واپس آ سکتے ہیں، ان کے لیے منتقلی اور واپسی ممکن ہے ، تاہم آپ کو غزہ کی تعمیر نو کرنا ہو گی”۔امریکی صدر کے اس منصوبے کو وسیع پیمانے پر عرب اور مغربی ممالک کے علاوہ اقوام تحدہ کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بالخصوص جب کہ زیادہ تر عرب ممالک بارہا باور کرا چکے ہیں کہ وہ دو ریاستی حل پر ثابت قدمی سے قائم ہیں اور فلسطینیوں کی ان کی سرزمین سے جبری ہجرت کو مسترد کرتے ہیں۔ امریکی صدر کی تجویز کے لیے جن ممالک نے اپنی مخالفت اور مذمت کا اظہار کیا ہے ان میں سعودی عرب ، مصر ، اردن ، امارات ، ترکیہ ، چین ، فرانس ، جرمنی ، برطانیہ اور روس نمایاں ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع ختم کرنے کے لیے غزہ کی پٹی پر امریکی کنٹرول کا خیال پیش کیا ہے۔ کنٹرول کا مقصد غزہ کی پٹی کو فلسطینی آبادی سے خالی کر کے اسے “مشرق وسطیٰ کا ریویرا” میں تبدیل کرنا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے 3 دیگر علاقوں کا انکشاف کیا ہے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ کی پٹی کی آبادی منتقل کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کے مطابق یہ ممالک مراکش ، صومالیہ اور پنٹ لینڈ (شمال مشرقی صومالیہ میں ایک خود مختار علاقہ) ہیں۔اسرائیلی میڈیا نے واضح کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ کی آبادی کی جبری ہجرت کے حوالے سے جو کہا ہے وہ کوئی بیان نہیں بلکہ یقینا پہلے سے تیار شدہ منصوبہ ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.