Sports

گواسکر اور شاستری نے جیسوال کو آؤٹ دیئے جانے کے فیصلے کو غلط بتایا

99views

میلبورن، 30 دسمبر (یو این آئی) سابق ہندوستانی کرکٹرز سنیل گواسکر اور روی شاستری نے پیر کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے چوتھے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں یشسوی جیسوال کوپیٹ کمنز کی گیند پر تھرڈ امپائر کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ہندوستان کی دوسری اننگز کے 71ویں اوور میں جیسوال نے کمنز کی شارٹ پچ گیند کو پُل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن گیند ان کے بلے کے بالکل قریب سے نکلی اور کیپر نے پیچھے سے کیچ کرلیا۔ آسٹریلیا نے اپیل کی لیکن آن فیلڈ امپائر جوئل ولسن نے اسے مسترد کر دیا۔ کمنز نے اس پر ریویو لیا اور تھرڈ امپائر بنگلہ دیش کے شرف دلدولہ نے جب اسنیکور پر کیچ چیک کیا تو کوئی بھی ڈفلیکشن نظر نہیں آرہا تھا۔ لیکن نارمل ویڈیو میں یہ نظر آرہا تھا کہ گیند یشسوی کے دستانے کے قریب سے ڈفلیکٹ ہو رہی تھی۔ تھرڈ امپائر نے نارمل ویڈیو ڈفلیکشن پر بھروسہ کیا اور اسنیکو کو مسترد کرتے ہوئے آؤٹ کا فیصلہ دیا۔اس کے بعدکمنٹری کر رہے ، گواسکر نے کہا ’’یہ فیصلہ بالکل غلط ہے۔ تھرڈ امپائر کو ثبوت چاہیے اور تھرڈ امپائر کو اسی کے مطابق فیصلہ دینا ہوگا۔ اگر آن فیلڈ امپائر نے کوئی فیصلہ لیا ہے تو اسے تبدیل کرنے کے لیے وافر شواہد درکار ہوتے ہیں، جو اس کیس میں نہیں تھے۔ ایسے میں آپ ٹیکنالوجی کا استعمال کیوں کر رہے ہیں؟ ویڈیو میں جو کچھ نظر آ رہا ہے وہ ایک آپٹیکل الیوژن بھی ہو سکتا ہے۔‘‘شاستری نے کہا “بہت کم بار ایسا فیصلہ ہوتا ہے، جہاں پر اسنیکو میں کچھ نظر نہیں آتا اور آپ آن فیلڈ امپائر کے ناٹ آؤٹ کے فیصلے کو تبدیل کرکے آؤٹ کا فیصلہ لیتے ہیں۔ آج ایسا لگتا ہے کہ اسنیکو آسٹریلیا کا چھٹا بالر ہے۔‘‘میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان روہت شرما نے اس تنازعہ کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس پر کیا کہوں کیونکہ ٹیکنالوجی (اسنیکومیٹر) کچھ نہیں دکھا رہا تھا، لیکن میں نے کھلی آنکھوں سے محسوس کیا کہ گیند کچھ تو چھو کر گئی ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ امپائر اس تکنیک کو کس طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایمانداری سے کہوں تو جیسوال نے گیند کو چھوا تھا۔ تاہم، کوئی بھی ٹیکنالوجی 100 فیصد درست نہیں ہوتی اور ایسا ہوا ہے کہ ہم بدقسمت رہے ہیں اور یہاں نہیں ہندوستان میں بھی کئی فیصلے ہمارے خلاف گئے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.