
ممبئی ، 6 مارچ (یو این آئی) ممبئی میں ایک دلخراش واقعہ سامنے آیا جس میں 12 سالہ اسکول کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی۔ یہ واقعہ 24 فروری کو پیش آیا جب لڑکی سکول کے بعد سے لاپتہ ہو گئی۔ لڑکی کے چچا نے 26 فروری کو پولیس میں شکایت درج کرائی کہ لڑکی کو اغوا کر لیا گیا ہے۔بعد ازاں 27 فروری کی صبح، ریلوے پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک 12 سالہ لڑکی کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشن کے قریب لڑکی بے ہوش حالت میں ملی۔ اسے فوری طور پر مقامی تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی ہے۔اس شکایت کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ لڑکی جوگیشوری علاقے میں ایک رشتہ دار کے ساتھ رہتی تھی۔ وہ 24 فروری کو لاپتہ ہو گئی تھی۔ لڑکی کو اکیلا دیکھ کر پانچ لوگ اسے سنجے نگر، جوگیشوری کے ایک گھر میں لے گئے اور پھر اس کی عصمت دری کی۔پولیس کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جوگیشوری علاقے میں ہی اس کے ساتھ یہ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔ بعد ازاں لڑکی کو دادر اسٹیشن پر ریلوے پولیس نے بے ہوش پایا اور اسے جوگیشوری پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
