National

دہلی میں شدید گرمی نے توڑا 74 سال کا ریکارڈ، 70 سے زیادہ اموات!

155views

نئی دہلی: دہلی میں گزشتہ چند ہفتوں میں شدید گرمی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور گرمی کی لہر کے دنوں کی تعداد نے گزشتہ کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس موسم گرما میں دیکھے گئے ہیٹ ویو کے دنوں کی تعداد گزشتہ 74 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔

صرف گرمی کی لہر ہی نہیں بلکہ اس سال مئی اور جون کے درمیان دہلی میں جس طرح کی گرمی دیکھی گئی اس نے پہلے ہی کئی ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ گزشتہ ماہ 29 مئی کو دہلی میں درجہ حرارت 46.8 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 29 مئی 1944 کو ریکارڈ کیے گئے 47.2 ڈگری کے بعد یہ دوسرا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔ 1998 میں دہلی کا درجہ حرارت 46.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ گزشتہ کئی دہائیوں میں ایسے لگاتار 7 نہیں گزرے جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ رہا ہو لیکن اس مرتبہ ایسا ہی ہوا ہے۔ اس سے قبل 1998 میں لگاتار 4 دن ایسے تھے جب درجہ حرارت 45 ڈگری سے زیادہ تھا۔

مزید برآں، موجودہ مرحلے میں مسلسل 6 دنوں تک ‘گرم رات’ کے حالات رہے (جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ اور کم از کم درجہ حرارت معمول سے کم از کم 4.5 ڈگری زیادہ ہو)۔ 19 جون کو رات کے وقت 35.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو 1964 کے بعد دارالحکومت میں سب سے زیادہ کم سے کم درجہ حرارت تھا۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، گرمی کی لہر کا دن وہ ہوتا ہے جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت یا تو 45 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ ہو، یا جب یہ 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ہو اور معمول سے کم از کم 4.5 ڈگری سیلسیس زیادہ ہو۔

دہلی-این سی آر میں پچھلے کچھ دنوں میں جس طرح درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے، اس کی وجہ سے کئی لوگوں کے بیمار ہونے اور متعدد اموات کی خبریں سامنے آئیں۔ میڈیا میں شائع ہونے والی مختلف رپورٹوں کے مطابق دہلی میں اب تک 70 لوگوں کی جان گرمی کی وجہ سے گئی ہے۔ اگر ہم غازی آباد اور این سی آر کے دیگر شہروں کی بات کریں تو یہاں بھی یہ تعداد 50 سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان اعداد و شمار کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

غنیمت کی بات یہ ہے کہ دہلی میں گزشتہ دو دنوں سے موسم خوشگوار ہے۔ مطلع ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ دہلی کے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت ضرور ملی ہے لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں گرمی ایک بار پھر بڑھ سکتی ہے۔ تاہم، دہلی اور این سی آر میں مہینے کے آخر میں بارش کا امکان ہے۔ یعنی اگلے چند دنوں کے بعد دہلی این سی آر میں مانسون کی بارش کا امکان ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو جون کے آخر اور جولائی کے پہلے ہفتے میں گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔

Follow us on Google News