
نئی دہلی : ہندوستان اور پاکستان نے آج یعنی پیر کو نئی دہلی اور اسلام آباد میں سفارتی ذرائع کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست ایک دوسرے کو فراہم کی ہے۔ اس فہرست کا تبادلہ ایک معاہدے کے تحت کیا گیا ہے تاکہ ایک دوسرے ممالک کی ‘جوہری تنصیبات اور سہولیات’ پر حملہ نہ کریں۔
بتادیں کہ 31 دسمبر 1988 کو اس سمجھوتہ پر دستخط کیا گیا تھا اور یہ 27 جنوری 1991 کو نافذ ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ہندوستان اور پاکستان ہر سال کیلنڈر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو ایک دوسرے کے ساتھ اپنی جوہری تنصیبات اور سہولیات کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اس فہرست کا یہ مسلسل 33 واں تبادلہ ہے، پہلا تبادلہ یکم جنوری 1992 کو ہوا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنے جوہری ہتھیاروں سے متعلق معلومات ایک ایسے وقت میں شیئر کی ہیں جب وہاں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ پاکستان کے ریٹرننگ افسران (آر اوز) نے کم از کم 3,240 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے ہیں جو قومی اور صوبائی سطح پر الیکشن لڑنا چاہتے تھے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تصدیق کی ہے کہ 1,024 امیدواروں (934 مرد اور 90 خواتین) کو قومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کی اہلیت سے محروم کردیا گیا۔ وہیں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ 2216 افراد جن میں 2081 مرد اور 135 خواتین ہیں، صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی منظوری حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 25,951 گذارشات (24,698 مرد اور 1,253 خواتین) میں سے RO نے 22,711 امیدواروں کو کلیئر کیا جن میں 21,684 مرد اور 1,027 خواتین شامل تھیں۔ قومی اسمبلی کے لیے 6,449 امیدواروں کی منظوری دی گئی جن میں 6,094 مرد اور 355 خواتین شامل ہیں۔
