جھارکھنڈ کا بینہ کے متعددوزرا اور ارکان اسمبلی نے تعزیت پیش کی
جدید بھارت نیوز سروس
مدھو پور 15 دسمبر: کانگریس کے سینئرلیڈر، بہار حکومت کے سابق وزیر اور مدھو پور کے سابق ایم ایل اے کرشنانند جھا کا اتوار کی صبح انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی گڈا لوک سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ فرقان انصاری نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے جسد خاکی کے آخری دیدار کیا اور سوگوار خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔سابق ایم پی فرقان انصاری نے کہا کہ کرشنا نند جھا میرے سیاسی ساتھی تھے، سری جھا نے بہت صاف ستھری سیاست کی، انہوں نے عوامی مفاد کو مقدم رکھ کر خدمت کی، کرشنا بابو کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
کرشناند جھا مسلسل تین بار مدھو پور اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے منتخب ہوئے اور جگن ناتھ مشرا کی وزارت اعلیٰ کے دوران بہار حکومت میں ایک طاقتور وزیر تھے۔ اپنے ایم ایل اے کے دور میں، کرشنا نند جھا کو ایک صاف ستھری شبیہ کے ساتھ عوامی نمائندے کے طور پر جانا جاتا تھا، انہوں نے اپنے سیاسی دور میں کبھی بھی اپنے دامن پر داغ نہیں لگنے دیا، یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل تین بار مدھو پور اسمبلی سے ایم ایل اے منتخب ہوئے۔جیسے ہی کرشنانند جھا کے انتقال کی خبر پورے دیوگھر ضلع میں پھیلی، لوگوں کی بھیڑ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہو گئی۔کانگریس کے سینئرلیڈران، سابق ایم پی فرقان انصاری، ایم ایل اے ادے شنکر سنگھ، سابق وزیر بادل پترلیکھ، ریا ستی وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری، وزیر حفیظ الحسن، کانگریس کی ریاستی سکریٹری خاتون لیڈر شبانہ خاتون، کانگریس کے ریاستی سکریٹری سابق این اے پی صدر فیاض قیصر ، اور کئی دیگر لیڈران موقع پر مرحوم کرشنا نند جھا کے گھر پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد انہیں تسلی دی اور کہا کہ جب تک کرشنانند جھا ہم لوگوں کے بیچ رہے، وہ ہمیشہ اپنے نیک صلاح ومشورہ سے نواز تے رہے اور ہم سب کی رہنمائی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک مضبوط ستون گر گیا ہے اور اس کی کمی ہمیشہ کھلتی رہے گی ۔