ممبئی، 19 اکتوبر (یو این آئی) میوزک ویڈیو ’نفرت‘ میں سندیپا دھر اور درشن راول کی دل کو چھو لینے والی کیمسٹری نے سب کا دل جیت لیا ہے۔ جذبات سے بھرپور اداکاری اور نفیس رقص کے لیے جانی جانے والی سندیپا نےایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ آج کے دور کی سب سے ہمہ جہت فنکاروں میں سے ایک ہیں۔
گانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سندیپا دھر نے کہا کہ “’نفرت‘ ان گانوں میں سے ایک ہے، جو آپ کو محبت کے ہر رنگ کو محسوس کرنے کا موقع دیتا ہے۔ درشن کے ساتھ کام کرنا ایک شاندار تجربہ تھا، ان کی موسیقی میں اتنی گہرائی اور سادگی ہوتی ہے کہ اس میں خود کو پوری طرح کھو دینا آسان ہو جاتا ہے۔
رقص ہمیشہ سے میری زندگی کا اہم حصہ رہا ہے، یہ ان جذبات کو بیان کرنے کا ذریعہ ہے، جنہیں الفاظ میں کہنا مشکل ہوتا ہے۔ اس گانے میں ایک رقص کا منظر تھا، جس میں مجھے اپنی حدوں سے آگے جانا پڑا، اور مجھے خوشی ہے کہ میری پرفارمنس نے کہانی کو مزید بلندی دی۔
‘‘ ’نفرت‘ میں سندیپا کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کے رقص کی مہارت بھی خوب جھلکتی ہے، ہر حرکت اور اشارے میں نفاست اورسرشاری نظر آتی ہے، جو کہانی میں ایک خاص تال اور گہرائی پیدا کرتا ہے۔ گانے کے مناظر ان کی پرفارمنس کو اور بھی مؤثر بنا دیتے ہیں، جس سے سندیپا اس ویڈیو کا دھڑکتا ہوا دل بن جاتی ہیں۔ یو این آئی۔ ایس اے۔ایس وائی۔



