Bollywood Actor Govinda Hospitalized and Discharged
بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کو اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث منگل کی رات کرٹیکیئر ایشیا اسپتال ممبئی میں داخل کرایا گیا۔ وہ گھر پر بے ہوش ہو کر گر گئے تھے۔ اہل خانہ نے فوری طور پر ڈاکٹر کو بلایا، جن کے مشورے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اداکار کے قریبی ساتھی اور وکیل لتل بندل نے بتایا کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل ان کی حالت پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ متعدد ٹیسٹ کیے گئے اور رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا تھا۔ بندل کے مطابق، “گووندا اب خطرے سے باہر ہیں، لیکن مکمل صحت کے لیے انہیں آرام کی ضرورت ہے۔”
گووندا کی بیماری کی خبر نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اب اداکار کی حالت بہتر ہے اور وہ اسپتال سے ڈسچارج ہو گئے ہیں۔
گووندا نے حال ہی میں اپنی نئی فلم دنیاداری کا اعلان کیا تھا۔ وہ آخری بار 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم رنگیلا راجہ میں نظر آئے تھے۔



