National

دہلی میں اردوند کجریوال کی حکومت کا خاتمہ

48views

بی جے پی کی 27 سال بعد اقتدار میں واپسی

چار مسلم امیدوار کامیاب ، تمام عام آدمی پارٹی سے

نئی دہلی، 8 فروری:۔ (ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی  نے اپنی 27 سالہ جلاوطنی ختم کرتے ہوئے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو شکست دے کر اقتدار میں واپسی کر لی ہے۔ بی جے پی 70میں سے 48 سیٹیں جیت گئی، عام آدمی پارٹی 22 سیٹوں پر محدود رہ گئی۔ کانگریس اس بار بھی کھاتہ نہیں کھول سکی۔ ہندوستانی سیاست میں ایک نئے تجربہ کے ساتھ تقریباً 12 سال قبل اقتدار میں آنے والے عاپ لیڈر کیجریوال نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے الیکشن ہار گئے ہیں اور ان کے قریبی ساتھی منیش سسوڈیا کو بھی جنگ پورہ سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔  وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی کی جیت ترقی اور اچھی حکمرانی کی جیت ہے۔ کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ دہلی کے لوگوں نے تبدیلی کو ووٹ دیا ہے۔   دہلی اسمبلی انتخابات 2020 میں 5 مسلم امیدواروں نے جیت درج کی تھی تاہم اس بار 4 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ ان تمام کا تعلق عام آدمی پارٹی سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ سیلم پور سے عام آدمی پارٹی امیدوار چودھری زبیر احمد نے 79 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار انیل کمار شرما کو 42 ہزار 477 ووٹوں سے ہرایا۔ اسی طرح بلی مارن حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار عمران حسین نے بی جے پی امیدوار جے بھگوان اپکار کو ہرایا۔ انہوں نے اس حلقہ سے 31 ہزار 475 ووٹوں کے فرق سے بڑی کامیابی حاصل کی۔وہیں عام آدمی پارٹی کے ایک اور امیدوار آل محمد اقبال نے مٹیا محل سے شاندار جیت درج کی۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار دپتی اندورا کو 42 ہزار 724 ووٹوں کے فرقہ سے ہرادیا۔ عام آدمی پارٹی کے ایک اور لیڈر امان اللہ خان نے اوکھلا حلقہ سے تیسری بار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار منیش چودھری کو 23 ہزار 639 ووٹوں کے بڑے فرقہ سے ہرادیا۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.