تربیت حاصل کریں، ماہی گیری کرکے آمدنی میں اضافہ کریں: ڈاکٹر ایچ این دویدی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 20دسمبر: ڈائریکٹر (فشریز) ڈاکٹر ایچ این دویدی نے جمعہ کو فش فارمرز ٹریننگ سنٹر، شالیمار، دھروا میں ماہی گیروں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تربیت سے ماہی گیری میں انقلاب لایا جا رہا ہے۔ جسے نیلا انقلاب کہا جا رہا ہے۔ تربیت کے بعد ہی محکمے کی اسکیموں سے بہتر فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر دویدی نے کہا کہ فش فارمر ٹریننگ سنٹر میں تین طرح کی تربیت دی جا رہی ہے۔ بائیو فلوک فش فارمرز، پانڈ فش فارمرز اور رنگین فش فارمنگ کرنے والی خواتین اس سے مستفید ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے ماہی گیری محکمہ کی اسکیموں کو نافذ کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے فشریز ڈائریکٹوریٹ کی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر فش فارمرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مذکورہ معلومات فشریز ڈائریکٹوریٹ کے چیف انسٹرکٹر پرشانت کمار دیپک نے دی۔