آئین جہاں ہمیں حقوق دیتا ہے وہیں ہمیں فرائض کا احساس بھی دلاتاہے: کماری منجو سنگھ
جدید بھارت نیوز سروس
چترا، 26نومبر: ہنٹر گنج کے رام نارائن میموریل کالج کے احاطے میں این ایس ایس کے بینر تلے یوم دستور کا انعقاد کیا گیا، یہ پروگرام ہمارا آئین، ہماری عزت نفس کے موضوع پر منعقد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کی صدارت شعبہ سیاست کی پروفیسر کماری منجو سنگھ نے کی اور نظامت این ایس ایس پی او ڈاکٹر فہیم احمد نےکی۔ پروگرام کا آغاز پروفیسر پوجا سنگھ، سوہانی کماری اور جیوگرافی ڈیپارٹمنٹ کی دیا نے مشترکہ طور پر این ایس ایس لکشیا گیت گا کر کیا۔ اس کے ساتھ ہی آئین کا تمہید پڑھا گیا اور حلف لیا گیا۔ اپنے صدارتی خطاب میں کماری منجو سنگھ نےدستور ساز اسمبلی کی تمہید،آئین ساز اسمبلی کمیٹی اور آئین کے مسودے میں عوام کے اہم کردار کو بڑے پیمانے پر اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے آئین کی میٹنگوں اور اس کی تیاری میں لگنے والے وقت کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، پنڈت جواہر لال نہرو اور ڈاکٹر راجندر پرساد نے آئین کے مسودے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کا آئین دنیا کا سب سے بڑا آئین ہے یہاں کا دستور ہندوستان کے آئین کی روح ہے۔ ہر شخص کو اس کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا کہ آئین تمام مذاہب، فرقوں اور زبانوں کو اپنی اپنی رسوم و روایات پر عمل کرنے کا حق دیتا ہے جو اس کی خوبصورتی کو ظاہر کرتا ہے۔ آئین نے جہاں شہریوں کو حقوق دیے ہیں وہیں انہیں فرض کا احساس بھی دلایا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر انیل کمار سنگھ، پروفیسر فخرالدین انصاری نے بھی اپنے خیالات پیش کیے، وکی کمار، مادھوری کمار راکیش کمار یادو، محمد ساجد اکھلیش یادو کے علاوہ درجنوں طلباء نے اہم کردار ادا کیا۔