National

کانگریس ممبران اسمبلی، میڈیا نے اوڈیشہ اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا

8views
بھونیشور، 12 مارچ (یو این آئی): اڈیشہ میں اپوزیشن کانگریس کے اراکین اسمبلی نے بدھ کو پارٹی کے ایم ایل اے تارا پرساد بہنی پتی کو ایوان سے سات دنوں کے لیے معطل کیے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔اسمبلی کی کارروائی کی کوریج کرنے والے میڈیا نے بھی پریس گیلری میں موبائل فون پر پابندی کے اسمبلی سیکرٹریٹ کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً آج کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔حکومت کے چیف وہپ سروج پردھان نے منگل کو ایک تحریک پیش کرکے اسپیکر سے ایوان میں کانگریس ایم ایل اے بہنی پتی کی بدسلوکی کی وجہ سے انہیں سات دنوں کے لئے معطل کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد انہیں معطل کردیا گیاتھا۔اس تحریک کو صوتی ووٹ سے منظور کیا گیا، جس کے بعد اسپیکر سورما پادھی نے مسٹر بہنی پتی کو بدھ سے سات کام کے دنوں کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا۔اوڈیشہ اسمبلی میں منگل کو اس وقت افراتفری مچ گئی جب اپوزیشن کانگریس اور بی جے ڈی ارکان کے احتجاج کے دوران ایوان کے اندر حکمراں اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ ایوان میں ہنگامہ آرائی کے باعث اسپیکر کو ایوان کی کارروائی نو بار ملتوی کرنی پڑی اور آخر کار پورے دن کیلئے ملتوی کر دیا۔ وقفہ سوالات کے دوران صرف 13 منٹ کی بحث ہوئی۔ایم ایل اے بہنی پتی کو معطل کرنے کے اسمبلی اسپیکر کے فیصلے کے خلاف بی جے ڈی اور کانگریس دونوں پارٹیوں کے اراکین نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔بعد ازاں کانگریس ارکان نے اسمبلی احاطے میں گاندھی مجسمہ کے پاس احتجاج کیا۔ ریاستی کانگریس کے صدر بھکت چرن داس نے احتجاج کرنے والے ممبران اسمبلی سے ملاقات کی اور ان سے دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی، جس کے بعد احتجاج واپس لے لیا گیا۔ مسٹر داس نے تاہم اعلان کیا کہ ایم ایل اے کی معطلی کے خلاف پارٹی آج اسمبلی کا بائیکاٹ کرے گی۔آج جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی کانگریس ارکان نے اپنے احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی اسپیکر کے فیصلے کو غیر جمہوری اور غیر قانونی قرار دیا اور اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔اس کے بعد کانگریس کے اراکین اسمبلی احاطے میں گاندھی مجسمہ کے پاس پہنچے اور احتجاج شروع کیا اور مسٹربہنی پتی کی معطلی کے حکم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر بہنی پتی نے کہا کہ پارٹی کا کوئی بھی ایم ایل اے اس وقت تک اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا جب تک کہ اسپیکر معطلی کے حکم کو منسوخ نہیں کرتے۔دریں اثنا، اپوزیشن بی جے ڈی نے بھی مسٹر بہنی پتی کو معطل کرنے کے اسپیکر کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ بی جے ڈی قائدین نے آج اسپیکر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے معطلی کے احکامات واپس لینے کی درخواست کی۔بی جے ڈی کے ڈپٹی لیڈر پرسنا آچاریہ، ڈپٹی چیف وہپ پرتاپ دیب اور سینئر ایم ایل اے رنندر پرتاپ سوین اور ارون ساہو نے اسپیکر سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی۔کانگریس ایم ایل ایز کی غیر حاضری کے باوجود ایوان نے وقفہ سوالات کے دوران معمول کے مطابق کام کیا۔حکومت کے چیف وہپ سروج پردھان اور اڈیشہ کے اعلیٰ تعلیم اور کھیل کے وزیر سورونشی سورج نے احتجاجی مقام پر کانگریس کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور ان سے ایوان میں واپس آنے اور بحث میں حصہ لینے کی اپیل کی۔

دریں اثناء اسمبلی کی کارروائی کی کوریج کرنے والے صحافیوں نے بھی پریس گیلری میں موبائل فون پر پابندی کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً آج کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔صحافیوں نے اسمبلی سکریٹریٹ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے قریب مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک موبائل فون پر پابندی نہیں اٹھائی جاتی، صحافی اسمبلی کی کارروائی کی کوریج نہیں کریں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.