National

ووٹنگ فیصد کے حتمی اعداد و شمار جاری کیے جانے میں تاخیر سے فکرمند انڈیا اتحاد نے الیکشن کمیشن سے کی ملاقات

172views

نئی دہلی: انڈیا اتحاد کے نمائندہ وفد نے آج الیکشن کمیشن سے ملاقات کر شروعاتی دو مراحل کے ووٹنگ فیصد سے متعلق اپنی فکر مندی کا اظہار کیا۔ دراصل لوک سبھا انتخاب کے شروعاتی دو مراحل میں ووٹنگ فیصد کے حتمی اعداد و شمار بہت تاخیر سے جاری کیے گئے تھے اور ابتدائی اعداد و شمار و حتمی اعداد و شمار کے درمیان بڑا فرق (5.5 فیصد) دیکھنے کو ملا تھا۔ اس تعلق سے انڈیا اتحاد کے نمائندہ وفد نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنی بات رکھی۔ ساتھ ہی انڈیا اتحاد کے لیڈران نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف الیکشن کمیشن میں دی گئی شکایتوں پر کوئی کارروائی نہ ہونے پر اپنا اعتراض بھی ظاہر کیا۔

الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد کانگریس ترجمان ڈاکٹر ابھشیک منو سنگھوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ووٹنگ فیصد کی اشاعت میں 11 دن کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، لیکن اس سے زیادہ فکر انگیز بات ووٹنگ فیصد میں (حیرت انگیز) اضافہ ہونا ہے۔ اگر اس کا 2019 کے انتخابات سے موازنہ کیا جائے تو فرق صاف نظر آئے گا۔ اگر ووٹنگ کا حتمی فیصد جلد جاری کیا جائے گا تو قیاس آرائیوں کا بازار بھی گرم نہیں ہوگا۔ یہ شکایت کافی دن پہلے کی گئی تھی، لیکن بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے اس کا جواب آج ہماری میٹنگ سے تھوڑی دیر پہلے ہی اَپلوڈ کیا ہے۔

ڈاکٹر ابھشیک منو سنگھوی نے بتایا کہ انڈیا اتحاد کے نمائندہ وفد نے الیکشن کمیشن کو اس سلسلے میں بھی جانکاری دی کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف 11 شکایتیں کی گئی تھیں۔ ان شکایتوں پر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ تین ہفتہ گزرنے کے بعد بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے، اس طرف توجہ دی جانی چاہیے۔ اس سلسلے میں ہمیں جلد جواب چاہیے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.