
کولکاتا، 24 نومبر :۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اگلے ماہ دہلی جا رہی ہیں۔ وہاں وہ پی ایم مودی سے بھی ملاقات کریں گی۔ یہ جانکاری حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے جمعہ کی صبح دی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ممتا 100 دن کی روزگار گارنٹی اسکیم (منریگا) کے فنڈز جاری کروانے کے لیے دہلی جائیں گی۔ ترنمول لیڈر نے بتایا ہے کہ ممتا بنرجی دسمبر کے تیسرے ہفتے میں دہلی کا دورہ کرنے والی ہیں۔ پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کے لیے وقت لیں گے اور بنگال کے واجبات پر بات چی کریں گے۔اس سلسلے میں بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ ممتا بنرجی دباو کی سیاست کا سہارا لے رہی ہیں۔ وہ جانتی ہیں کہ اگلے چند مہینوں میں ملک میں لوک سبھا کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ بنگال کے واجبات کے مطالبے پر وہ مرکز کو بار بار کٹہرے میں کھڑا کرکے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، لیکن بنگال کے لوگ جانتے ہیں کہ منریگا میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی ہے۔
