
وزراء کیلئے نو تعمیر بنگلوں کا معائنہ کیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 9 دسمبر:۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پیر کو رانچی اسمارٹ سٹی میں ریاستی حکومت کے وزراء کے لیے نو تعمیر شدہ رہائش گاہ سمیت پورے رہائشی کمپلیکس کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیراعلیٰ نے نئے تعمیر شدہ مکان سے متعلق مختلف نکات پر عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے 15 جنوری 2025 تک تعمیراتی کام مکمل کرنے کو کہا، تاکہ وزراء کو ان کی رہائش گاہیں الاٹ کی جاسکیں۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے رانچی اسمارٹ سٹی پہنچ کر رہائشی کمپلیکس میں بنائے گئے کلب ہاؤس، بیڈمنٹن کورٹ اور پولیس بیرک وغیرہ کا معائنہ کیا اور سہولیات کے تعلق سے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رہائشی کمپلیکس میں بچوں کے کھیلنے کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نئے تعمیر شدہ مکان اور پورے رہائشی کمپلیکس کا تمام کام 15 جنوری 2025 تک مکمل کرلیا جائے تاکہ وزراء کو مکانات الاٹ کئے جاسکیں۔ معائنہ کے دوران گانڈے کے ایم ایل اے کلپنا سورین، چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اویناش کمار، محکمہ شہری ترقیات کے پرنسپل سکریٹری سنیل کمار، بلڈنگ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کی سکریٹری اروا راجکمل، اسمارٹ سٹی کے سی ای او امیت کمار، اسمارٹ سٹی کے جی ایم راکیش نندکولیار اور دیگر افسران موجود تھے۔
