نئی دہلی: راشٹرپتی بھون میں ہفتہ تو منعقدہ ایک تقریب کے دوران صدر دروپدی مرمو نے ملک کی 4 عظیم شخصیات – سابق وزرائے اعظم پی وی نرسمہا راؤ اور چودھری چرن سنگھ، بہار کے سابق وزیر اعلی کرپوری ٹھاکر اور ملک کے مشہور زرعی سائنسدان ایم ایس سوامیناتھن کو بھارت رتن سے سرفراز کیا۔ ان چاروں شخصیات کو یہ اعزاز بعد از مرگ دیا گیا ہے۔
ملک کے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کے بیٹے پی وی پربھاکر راؤ، ایک اور سابق وزیر اعظم اور کسانوں کے مسیحا مانے قرار دئے جانے والے چودھری چرن سنگھ کے پوتے جینت چودھری، آنجہانی کرپوری ٹھاکر کے بیٹے رام ناتھ ٹھاکر اور ملک کے مشہور زرعی سائنسدان ایم ایس سوامی ناتھن کی بیٹی نتیا راؤ نے صدر دروپدی مرمو سے یہ اعزاز حاصل کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے سمیت مرکزی حکومت کے کئی وزراء اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
لال کرشن اڈوانی کو بھی بھارت رتن سے نوازا جانا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر دروپدی مرمو اڈوانی کے گھر جائیں گی اور انہیں اعزاز دیں گی۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود رہ سکتی ہیں۔