National

تمل ناڈو میں سونامی کی 19 ویں برسی پر کینڈل مارچ

December 26, 2021, Chennai, Tamil Nadu, India: People pour milk into the Bay of Bengal during a prayer ceremony to pay homage to the victims of 2004 Tsunami on the 17th anniversary of the disaster in Chennai. Chennai India - ZUMAl172 20211226_zip_l172_011 Copyright: xSrixLoganathanx
195views

چنئی: تمل ناڈو میں سونامی کی 19 ویں برسی پر منگل کے روز مختلف مقامات پر کینڈل مارچ اور خاموش جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ 26 دسمبر کا دن نہ صرف تمل ناڈو بلکہ انڈونیشیا اور سری لنکا جیسے ممالک کے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے دل و دماغ میں تباہ کن وجوہات کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔

سنہ 2004 میں اس دن لوگوں کو قدرت کے قہر سے گزرنا پڑا تھا اور سمندر میں آنے والے زلزلے سے پیدا ہونے والی مہلک سمندری لہروں سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے، جسے بعد میں سونامی کا نام دیا گیا۔

تمل ناڈو میں، ساحلی ناگاپٹنم، کڈالور، کنیا کماری اور چنئی اضلاع کے لوگ سونامی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں 8000 سے زیادہ لوگوں کی جانیں گئیں اور ان کے اہل خانہ اور لواحقین ابھی تک سوگوار ہیں۔

سونامی کی 19ویں برسی پر مہلوکین کو یاد کرنے کے لیے تمل ناڈو میں مختلف مقامات پر کینڈل مارچ اور خاموش ریلیاں نکالی گئیں۔ مچھواروں کی بیشتر بستیوں میں آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا اور لوگوں نے اپنے قریبی عزیزوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دودھ کے برتن سمندر میں ڈال دیئے۔

کچھ اضلاع میں ماہی گیروں نے متاثرین کے احترام میں سمندر سے دوری برقرار رکھی۔ صبح ہوتے ہی شہر کے سرینواس پورم کے علاقوں میں ماہی گیروں نے سونامی کے متاثرین کو پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ساحلی اضلاع ناگاپٹنم، کڈالور اور کنیا کماری میں روتی ہوئی خواتین سمیت سینکڑوں لوگوں نے اس آفت میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں سمندر میں پھول نچھاور کئے۔ کڈالور، کنیا کماری اور سب سے زیادہ متاثر ناگاپٹنم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار خصوصی دعائیں کی گئیں اور شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر خاموش جلوس بھی نکالے گئے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.