ہومJharkhandٹاٹا نگر اسٹیشن پر احتجاج: ٹرینوں کی تاخیر کے خلاف دستخطی مہم...

ٹاٹا نگر اسٹیشن پر احتجاج: ٹرینوں کی تاخیر کے خلاف دستخطی مہم کا آغاز

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

سریو رائے کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ آنے کی اپیل

جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور،26؍اپریل: شہر کے ٹاٹا نگر ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں ٹرینوں کی تاخیر کے خلاف ’ریل یاتری سنگھرش سمیتی‘کی جانب سے دستخطی مہم چلائی گئی۔ اس تحریک کی بنیاد رکھنے والے جمشید پور مغربی کے ایم ایل اے سریو رائے نے دستخط کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ تحریک کا آغاز ہے۔ اگر ریلوے انتظامیہ نے بات نہ مانی تو تحریک کے اور بھی کئی راستے ہیں؛ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ عام جنتا سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اس میں ساتھ دینا چاہیے۔جمشید پور میں ٹرینوں کی لیٹ لطیفی کا معاملہ اب طول پکڑنے لگا ہے۔ عام لوگوں سے جڑے اس مسئلے پر تحریک چلانے والے جے ڈی یو ایم ایل اے سریو رائے کی قیادت میں بنی ریل یاتری سنگھرش سمیتی نے ٹاٹا نگر ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں دستخطی مہم چلائی۔ اس مہم میں بڑی تعداد میں مسافروں نے اپنے دستخط کر کے ٹرینوں کی تاخیر کے مسئلے پر احتجاج درج کرایا۔ واضح رہے کہ کورونا دور کے بعد سے ٹرینوں کی تاخیر کا سلسلہ شروع ہوا۔ ٹاٹا نگر آنے والی ٹرینیں تین سے پانچ گھنٹے تک کی تاخیر سے پہنچ رہی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹاٹا نگر اسٹیشن پر دستخطی مہم کا انعقاد
دستخطی مہم ٹاٹا نگر اسٹیشن پر آنے جانے والے مسافروں کے درمیان چلائی گئی، جس میں مسافروں نے اپنی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ سے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر جمشید پور مغربی کے ایم ایل اے سریو رائے، سماجی کارکن شیو شنکر سنگھ اور کولہان کی سب سے بڑی تجارتی تنظیم ‘سنگھ بھوم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری‘ بھی دستخطی مہم میں شامل رہی۔
موقع پر ریلوے حفاظتی اہلکار موجود
تحریک کے پیش نظر ٹاٹا نگر آر پی ایف اور جی آر پی کے جوانوں نے مورچہ سنبھالاہوا تھا۔ اس موقع پر ایم ایل اے سریو رائے نے کہا کہ اس سے قبل بھی ٹاٹا نگر اسٹیشن کے باہر ایک روزہ دھرنا دیا گیا تھا، جس میں بنیادی مطالبہ یہ تھا کہ مسافر ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں کئی ٹرینیں دو سے تین گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں، جس سے عام مسافروں کو بھاری پریشانی ہو رہی ہے۔ بار بار مطالبے اور احتجاج کے باوجود ریلوے انتظامیہ اس مسئلے پر کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کر رہی ہے۔
ٹرینوں کا وقت پر چلنا ریلوے کی ذمہ داری: سریو رائے
ایم ایل اے سریو رائے نے کہا کہ مسافر ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت کو یقینی بنانا ریلوے کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن موجودہ نظام میں مسافروں کی سہولت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تحریک شروع ہوئی ہے، اگر ریلوے انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی تو ہمارے پاس اور بھی راستے ہیں۔ یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے، اس لیے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی آگے آنا چاہیے۔ اب پورے شہر میں اس مسئلے پر دستخطی مہم چلائی جائے گی۔دوسری طرف مسافروں نے بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینیں وقت پر نہ چلنے سے ملازمت پیشہ افراد، طلبہ، مریض اور تاجر طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ کئی مسافروں نے کہا کہ طویل تاخیر کی وجہ سے انہیں مالی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے، لہٰذا ٹرین لیٹ ہونے پر ریلوے انتظامیہ کو جرمانہ ادا کرنا چاہیے۔ چیمبر کے صدر مانو کیڈیا نے کہا کہ اس مسئلے پر ان کی تنظیم پوری طرح تحریک کے ساتھ ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.