ڈی سی نے لی پریڈ کی سلامی
جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ ،26؍اپریل: جھارکھنڈ ہوم گارڈ ریجنل ٹریننگ سینٹر، ہزاری باغ میں اتوار کے روز پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں 63 دنوں کی سخت تربیت کے بعد ضلع گریڈیہ کے 355 ہوم گارڈز نے مارچ پاسٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اب یہ ہوم گارڈز اپنے آبائی ضلع گریڈیہہ میں خدمات انجام دیں گے۔اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی ہزاری باغ ڈی سی ہیمنت ستی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تمام ہوم گارڈز کو خدمت کی اقدار کو برقرار رکھنے، دستورِ ہند پر مکمل بھروسہ اور سچی وفاداری کے ساتھ اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرنے کا حلف دلایا۔ مارچ پاسٹ میں ٹرینی اہلکاروں کی تربیت کا شاندار نظارہ دیکھنے کو ملا۔ ڈی سی نے کہا کہ محض 63 دنوں کی مختصر مدت میں تربیت کے دوران ایسی شاندار پریڈ کا مظاہرہ قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے ٹرینیز کو ہوم گارڈ میں نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد بھی دی۔وہیں ضلع کمانڈنٹ روہت آنند نے تربیت پانے والوں سے نظم و ضبط کے ساتھ ہوم گارڈ کی اقدار کو برقرار رکھنے اور آئین کے تئیں وفاداری کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کی تلقین کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ٹرینیز کو 63 دنوں کے دورانیے میں اسلحہ چلانے کے ساتھ ساتھ جسمانی طور پر چاق و چوبند رہنے کے لیے روزانہ ڈرل اور یوگا کی تربیت بھی دی گئی ہے۔تربیت کے دوران ٹرن آؤٹ، انفرادی مشق، جدید اسلحہ (56.5ایم ایم انساز)، ہجوم کو کنٹرول کرنا، گارڈ/سنتری کے فرائض، شہری دفاع، ابتدائی طبی امداد، فائر فائٹنگ، وی آئی پی ڈیوٹی، ٹریفک کنٹرول، نظم و ضبط، محنت اور آفات کے انتظام وغیرہ کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ تربیت کے دوران ہوم گارڈ ٹرینیز کو .303 رائفل اور 56.5 ایم ایم انساز سے 10-10 راؤنڈ فائرنگ کی مشق پدما، ہزاری باغ کے فائرنگ رینج میں کرائی گئی۔
