ممتا کو ملک کی سرفہرست خاتون رہنما اور غریبوں کی آواز قرار دیا
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ،26؍اپریل: جھارکھنڈ مکتی مورچہ (JMM) کے قدآور رہنما اور وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے تناظر میں ایک اہم سیاسی دورہ کیا ہے، جس سے خطے کی سیاست میں نئی گرمجوشی پیدا ہوگئی ہے۔ دم دم اسمبلی حلقہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہیمنت سورین نے کھل کر ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ہیمنت سورین نے اپنے خطاب کا آغاز روایتی انداز میں عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے اور ’جے بنگال‘کے پرجوش نعروں سے کیا، جس کا جواب وہاں موجود ہزاروں حامیوں نے جوش و خروش سے دیا۔ انہوں نے سٹیج پر موجود ترنمول کانگریس کے رہنماؤں، بالخصوص رکن پارلیمنٹ سوگت رائے اور ریاستی وزیر چندریما بھٹاچاریہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دم دم کی مقبول قیادت‘قرار دیا۔ہیمنت سورین نے ممتا بنرجی کو ملک کی ’سرفہرست خاتون رہنما‘اور ’غریبوں کی بلند آواز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں ان کی حمایت اور تعاون کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت بنگال میں انتخابی معرکہ اپنے عروج پر ہے اور وہ یہاں ٹی ایم سی کی مدد کرنے اور ممتا دیدی کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لیے موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگال کا الیکشن محض ایک ریاست کا انتخاب نہیں بلکہ ملک کی سیاسی سمت کا تعین کرنے والا موڑ ہے۔اپنے خطاب کے دوران ہیمنت سورین نے مخالفین پر سخت تنقید کی جو مختلف رنگوں کے جھنڈے اور بینر لے کر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے جھارکھنڈ سے اپنے تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بنگال اور جھارکھنڈ کا رشتہ بہت گہرا ہے، اور وہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں جنہوں نے اس جدوجہد میں ساتھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ دم دم سے قبل وہ ’سیب پور‘میں بھی ایک کامیاب روڈ شو اور پروگرام کر چکے ہیں۔
