سیب سے لدی گاڑی میں بیف ہونے کا الزام لگا کر وحشیانہ پٹائی
ناندیڑ (مہاراشٹر)، 26 اپریل:۔ (ایجنسی) مہاراشٹر کے ضلع ناندیڑ کے حدگاؤں علاقے میں نام نہاد گئو رکشکوں کی غنڈہ گردی کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آیا ہے۔ ممبرا سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد نداف نیاز قریشی پر بیف لے جانے کے جھوٹے الزام میں قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس کے بعد وہ شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس واقعے سے علاقے میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق، نداف نیاز قریشی اپنے ساتھی ایلون پائس کے ساتھ کیرالہ کے پٹامبی علاقے سے ٹرک میں سیب لے کر ناگپور کی طرف جا رہے تھے۔ جیسے ہی ان کی گاڑی حدگاؤں کے قریب ایک پیٹرول پمپ کے سامنے پہنچی، اچانک موٹر سائیکلوں پر سوار تقریباً 8 مسلح افراد نے انہیں گھیر لیا۔ حملہ آوروں نے زبردستی گاڑی روک کر الزام لگایا کہ اس میں بڑے کا گوشت (بیف) موجود ہے۔ ڈرائیور کے نام پوچھنے کے بعد مشتعل افراد نے دھار دار ہتھیاروں اور پنچ فائٹر سے حملہ شروع کر دیا۔ متاثرہ نوجوان کے مطابق، ایک داڑھی والے شخص نے پنچ فائٹر سے اس کے چہرے پر زور دار وار کیا، جس سے اس کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی اور وہ لہولہان ہو گیا۔واقعے کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر سرکاری اسپتال عمرکھیڑ منتقل کیا گیا، جہاں سے نازک حالت کے پیش نظر انہیں ناندیڑ کے یشوشائی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نداف قریشی اس وقت آئی سی یو (ICU) میں زیر علاج ہیں اور ان کے چہرے پر تقریباً 14 ٹانکے آئے ہیں۔ پولیس نے اس معاملے میں شکایت درج کر لی ہے اور ملزمین کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ایم آئی ایم (MIM) کے قدآور رہنما سید معین نے اسپتال پہنچ کر زخمی نوجوان کی عیادت کی اور متاثرہ خاندان کو آپریشن کے لیے فوری مالی امداد بھی فراہم کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید معین نے ناندیڑ کے ایس پی ابیناش کمار سے مطالبہ کیا کہ ملزمین کے خلاف سخت ترین دفعات کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناندیڑ میں اس طرح کے واقعات بار بار رونما ہو رہے ہیں کیونکہ پولیس ملزمین کے خلاف نرمی برتتی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر نام نہاد گئو رکشکوں کی اس غنڈہ گردی پر قابو نہ پایا گیا تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
