IIT (ISM)دھنباد کے 45ویں کانووکیشن میں آج شرکت کریں گی مرمو
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 31 جولائی:۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جھارکھنڈ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ جمعرات کے روز دیوگھر ایمس کے پہلے کانووکیشن میں شرکت کے بعد وہ رانچی پہنچیں۔ صدر محترمہ راج بھون میں شب بسری کریں گی اور جمعہ، یکم اگست کو دھنباد روانہ ہوں گی۔
دھنباد دورہ آج
یکم اگست کو صدر دروپدی مرمو گڑھوا بارواڈا ہوائی اڈے (دھنباد) پہنچیں گی، جہاں سے وہ آئی آئی ٹی (آئی ایس ایم) دھنباد روانہ ہوں گی۔ وہاں وہ بطور مہمان خصوصی 45ویں کانووکیشن میں شرکت کریں گی۔ یہ پروگرام صبح 11 بج کر 10 منٹ پر منعقد ہوگا۔
سخت حفاظتی انتظامات
صدر کے دورے کے پیش نظر، دھنباد کی فضائی پٹی کے علاقے کو 32 گھنٹوں کے لیے ‘نو فلائنگ زون ‘ قرار دیا گیا ہے۔ اس دوران ڈرون، گرم ہوا کے غبارے اور پیراگلائیڈر اڑانے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ تمام سینئر انتظامی اور پولیس افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔



