سیٹلائٹ تصاویر نے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجا دی
تہران، 9 مئی (یو این آئی) ایران کے اہم ترین آئل ایکسپورٹ ٹرمینل ‘جزیرہ خارگ’ کے قریب سمندر میں تیل کے بڑے اخراج کا انکشاف ہوا ہے، جس کی تصدیق سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے کی گئی ہے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر میں جزیرہ خارگ کے مغربی جانب درجنوں مربع کلومیٹر پر محیط تیل کی تہہ دیکھی گئی ہے۔ یورپی یونین کے ‘کوپرنیکس سینٹینل’ سیٹلائٹس سے 6 سے 8 مئی کے درمیان لی گئی تصاویر میں سمندر کی سطح پر مٹیالے اور سفید رنگ کے دھبے نظر آ رہے ہیں، جو ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر خام تیل کا رساؤ ہے۔ کونفلکٹ اینڈ انوائرمنٹ آبزرویٹری’ کے محقق لیون مورلینڈ کا کہنا ہے کہ یہ رساؤ تقریباً 45 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اسی طرح کلائمیٹ کنسلٹنسی ‘ڈیٹا ڈیسک’ کے شریک بانی لوئس گوڈارڈ نے بھی اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تیل کا بڑا رساؤ ہے، جو 70 دن قبل شروع ہونے والی امریکہ-اسرائیل اور ایران جنگ کے بعد اب تک کا سب سے بڑا واقعہ ہو سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق فی الحال اس اخراج کی وجوہات اور اس کے آغاز کے مقام کے بارے میں کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ امریکی فوج اور اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔واضح رہے کہ جزیرہ خارگ ایران کی تیل کی برآمدات کا مرکز ہے جہاں سے 90 فیصد تیل، خاص طور پر چین کو برآمد کیا جاتا ہے۔ جنگ کے آغاز میں امریکی فورسز نے اس جزیرے پر عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ خلیج میں جاری اس کشیدگی اور امریکی بحریہ کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے باعث عالمی سطح پر خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی کی فراہمی میں شدید رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی سیٹیلائٹ تصاویر پر مبنی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے جزیرہ خارگ سے تیل کے اخراج کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔امریکی اخبار کے مطابق ایران کے تیل کی برآمد کے اہم ٹرمینل سے جزیرہ خارگ کے ساحل پر تیل پھیل رہا ہے تاہم فوری طور پر تیل کے اخراج کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ تیل کے اخراج پر نظر رکھنے والے آربیٹل ای او ایس کے مطابق تیل 52 مربع کلومیٹر سعودی عرب کے پانیوں کی طرف پھیلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ جزیرہ خارگ میں ایران کا سب سے بڑا آئل ٹرمینل، آئل پائپ لائنز، اسٹوریج ٹینک اور متعلقہ انفرااسٹرکچر قائم ہے۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4594382