جدید بھارت نیوز سروس
چترا،12؍اپریل: چترا پولیس نے ضلع کو مکمل طور پر نکسل سے پاک بنانے کی مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی انجام دی ہے۔ پولیس نے مفرور اور بدنامِ زمانہ نکسلی منوہر گنجھو کے گھر، گاؤں اور عوامی مقامات پر عدالت کی ہدایت پر اشتہار (اعلانِ مفروری) چسپاں کر دیا ہے۔ یہ وہی منوہر گنجھو ہے جو لاتیہار کے بالوماتھ علاقے اور چترا ضلع کے پرتاپ پور علاقے میں طویل عرصے سے سرگرم رہا ہے، اور کئی نکسلی واقعات میں اس کے ملوث ہونے کے ثبوت پولیس کی تفتیش میں سامنے آ چکے ہیں۔چترا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سمت اگروال کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے 2020 میں درج ایک پرانے معاملے کے سلسلے میں یہ کارروائی کی۔ اشتہار چسپاں کر کے پولیس نے واضح کر دیا ہے کہ ملزم جلد سے جلد تھانے میں خودسپردگی کرے، ورنہ اس کی جائیداد کی قرقی (ضبطی) کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔یہ اشتہار دیہاتیوں کے درمیان بھی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے، کیونکہ پہلی بار پولیس نے کھلے طور پر اتنے سخت الفاظ میں وارننگ جاری کی ہے۔ایس پی چترا، سمت اگروال نے کہا کہ “ہماری مسلسل کارروائی کے بعد ضلع کو نکسلیوں سے تقریباً پاک کر لیا گیا ہے۔ اب صرف ایک بڑا نام-منوہر گنجھو-باقی ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے مہم مزید تیز کر دی گئی ہے۔ عدالت کے حکم پر یہ اشتہار جاری کیا گیا ہے تاکہ وہ سرنڈر کرے، بصورتِ دیگر اگلا قدم اس کی جائیداد کی قرقی ہوگا۔”اس کارروائی کے ساتھ پولیس نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اب چترا میں نکسل ازم کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ نکسلی تنظیموں پر نکیل کسنے کے لیے پولیس مسلسل چھاپہ ماری، خفیہ اطلاعات پر فوری کارروائی اور سرحدی علاقوں میں سخت پیٹرولنگ جیسی حکمت عملیوں پر کام کر رہی ہے۔
منوہر گنجھو کے خلاف یہ پوسٹر کارروائی چترا پولیس کی نکسل مخالف مہم کا سب سے سخت اور فیصلہ کن قدم مانا جا رہا ہے۔ مقامی لوگ بھی امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اس قدم سے خطے میں امن اور سلامتی کو مزید استحکام ملے گا۔



