ہارسنس (ڈنمارک)، 27 اپریل (یو این آئی) سابق چیمپئن ہندوستان نے پیر کے روز تھامس کپ کے گروپ اے میں آسٹریلیا کو 5-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ کینیڈا کے خلاف پہلی جیت کے بعد یہ ہندوستان کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، جس نے اسے ٹورنامنٹ کے آخری آٹھ میں پہنچا دیا ہے۔ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں صرف ایک تبدیلی کی اور کپتان کی جگہ تجربہ کار ایچ ایس پرنئے کو موقع دیا گیا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے آغاز سے ہی اپنا تسلط برقرار رکھا۔لکشیہ سین نے ایفریم اسٹیفن سیم کو 21-14، 21-16 سے ہرا کر ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلائی۔ایشیائی چیمپئن شپ کے سلور میڈلسٹ ایوش شیٹی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 26 منٹ میں شرے دھانڈ کو 21-8، 21-6 سے مات دی۔ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی سابق ایشیائی چیمپئن جوڑی نے رضکی ہدایت اور جیک یو کو 21-14، 21-16 سے شکست دے کر ہندوستان کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔جیت یقینی ہونے کے باوجود ہندوستان نے باقی میچوں میں بھی فتوحات حاصل کیں۔ ایچ ایس پرنئے نے رشی ہونڈا بھوپتی کو 21-11، 21-17 سے شکست دی، جبکہ ڈبلز میں ہری ہرن امسکارونن اور ایم آر ارجن کی جوڑی نے انڈیکا رمادیاں شاہ اور سیم کو 21-12، 21-10 سے ہرا کر اسکور 5-0 کر دیا۔ہندوستان اب اپنے اگلے میچ میں ٹاپ سیڈ چین کے مدمقابل ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں، اور اب اس مقابلے سے گروپ اے کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔ چین نے بھی پیر کو کینیڈا کو 4-1 سے شکست دے کر اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔
