عالمی نمبر ون پوزیشن دوبارہ حاصل
ہیوسٹن، 27 اپریل ( یو این آئی) امریکہ کی اسٹار گولفر نیلی کورڈا نے اتوار کو ہیوسٹن میں منعقدہ ‘ایل پی جی اے شیورون چیمپئن شپ‘ میں پانچ اسٹروک کی واضح برتری سے فتح حاصل کر لی۔ یہ ان کا تیسرا بڑا خطاب ہے، جس کی بدولت وہ ایک بار پھر دنیا کی نمبر ون گالفر بن گئی ہیں۔27 سالہ امریکی کھلاڑی نے ‘میموریل پارک‘ میں پورے ٹورنامنٹ کے دوران اپنی برتری برقرار رکھی ۔ وہ گزشتہ 50 سالوں میں گولف کی تاریخ کی محض تیسری ایسی کھلاڑی بن گئی ہیں جنہوں نے ہر راؤنڈ کے بعد واضح برتری برقرار رکھتے ہوئے میجر چیمپئن شپ جیتی۔نیلی کورڈا نے فائنل راؤنڈ کا آغاز پانچ شاٹس کی برتری کے ساتھ کیا اور آخری دن 2 انڈر پار (70) کا کارڈ پیش کیا۔ انہوں نے پہلے اور تیسرے ہول پر برڈی حاصل کر کے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی۔ میچ کے بعد کورڈا نے اعتراف کیا کہ اتنی بڑی برتری کے ساتھ کھیلنا ذہنی طور پر سب سے مشکل کام تھا۔ انہوں نے کہا، “میں یہ ٹرافی جیت کر بچوں کو دکھانا چاہتی تھی کہ چھوٹی غلطیوں کے باوجود آپ میجر چیمپئن شپ جیت سکتے ہیں، بشرطیکہ آپ ذہنی طور پر کھیل میں 100 فیصد شامل رہیں۔”اس فتح کے ساتھ ہی نیلی کورڈا عالمی درجہ بندی میں دوسرے سے پہلے نمبر پر پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے تھائی لینڈ کی جینو تھٹیکول کی جگہ لی ہے جو اس ٹورنامنٹ میں کٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔
نیلی کورڈا کیلئےسال 2026 اب تک انتہائی شاندار رہا ہے، جہاں وہ ‘ٹورنامنٹ آف چیمپئنز‘ بھی جیت چکی ہیں۔
