National

 رکن اسمبلی منتخب ہونے کے فوری بعد بی جے پی لیڈر کا نان ویج دکانیں بند کرنے کا اعلان

286views

جے پور: بی جے پی کے نومنتخب رکن اسمبلی بال مکند اچاریہ نے پیر کو انتخابی نتائج سامنے آنے کے اگلے ہی دن گلابی شہر کو احساس دلایا کہ اب اقتدار تبدیل ہو چکا ہے! شہر میں نان ویج کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دکانوں کے آپریشن کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بال مکند نے کہا، ’’ان لوگوں کے پاس لائسنس بھی نہیں ہے۔ کانگریس انتظامیہ ان سے اس بارے میں نہیں پوچھ رہی تھی۔ میرا ایجنڈا سناتن کی حفاظت کرنا ہے، اس لیے میں ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کروں گا۔ ان لوگوں کی وجہ سے کھلے عام نان ویج پکایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ نان ویج کی بدبو کی وجہ سے لوگوں نے سڑکوں سے گزرنا چھوڑ دیا ہے۔ ایم ایل اے نے کہا، ’’ان علاقوں میں بہت سے مندر ہیں۔ نان ویج کی بدبو کی وجہ سے لوگوں نے ان مندروں میں جانا چھوڑ دیا ہے۔ اب اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘

بال مکند نے میونسپل کارپوریشن کے افسران سے شہر کے بڑے بازاروں میں نان ویج کی دکانیں بند کرنے کو کہا ہے اور نان ویج ہوٹل کے مالک سے بھی کہا کہ وہ قبضے خالی کر دیں۔ خیال رہے کہ بال مکند نے بی جے پی کے ٹکٹ پر ہوامحل اسمبلی حلقہ سے صرف 600 ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔

بال مکند نے کہا، ’’ہر ایک کے لائسنس کی جانچ کی جائے گی۔ میں ذاتی طور پر ان تمام دکانداروں سے رپورٹ لے کر تحقیقات کروں گا۔ بنگلہ دیشیوں نے ہوا محل میں نان ویج کی دکانیں قائم کر رکھی ہیں جو کہ قواعد کے خلاف ہے۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.