Saturday, December 6, 2025
ہومBiharبہار انتخاب : آخری مرحلے میں 122 اسمبلی حلقوں میں آج ہوگی...

بہار انتخاب : آخری مرحلے میں 122 اسمبلی حلقوں میں آج ہوگی ووٹنگ

1302 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا ہوگا فیصلہ

جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 10 نومبر:بہار میں دوسرے اور آخری مرحلے کے 122 اسمبلی حلقوں میں منگل کے روز سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان ہونے والی ووٹنگ میں تقریباً تین کروڑ 70 لاکھ ووٹر 1302 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔دوسرے اور آخری مرحلے میں 11 نومبر کو پولنگ کا عام وقت صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک رہے گا۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کچھ حلقوں میں پولنگ کا وقت شام 5 بجے تک محدود رکھا گیا ہے، جن میں کٹوریا کے 121 مراکز، بیلہر کے 140، چین پور، چیناری کے 62، گوہ کے 25، نوین نگر کے 26، کٹومبا کے 169، اورنگ آباد کے 57، رفیع گنج کے 125، گروآ کے 12، شیرگھاٹی کے 48، امام گنج کے 361، باراچٹی کے 36، بودھ گیا کے 20 پولنگ مراکز شامل ہیں۔ راجولی، گووند پور اور جموی ضلع کی تمام چار نشستوں سکندرا، جموی، جھا جھا اور چکائی میں بھی ووٹنگ شام 5 بجے تک ہی ہوگی۔
بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ونئے کمار نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران 122 انتخابی حلقوں میں آزاد، منصفانہ اور پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی سکیورٹی فورسز کی کل 1650 دستے تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ بہار ملٹری پولیس (بی ایم پی) کے جوان بھی بڑی تعداد میں موجود رہیں گے تاکہ ووٹنگ کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ ووٹنگ میں خلل ڈالنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کسی بھی دراندازی کو روکنے کے لیے ہندوستان۔نیپال سرحد سے متصل سات اضلاع میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جھارکھنڈ، اتر پردیش اور مغربی بنگال کی سرحد سے لگنے والے بہار کے اضلاع میں بھی اضافی چوکس انتظامات کیے گئے ہیں۔ نیپال کے ساتھ بین الاقوامی سرحد کو اتوار سے 72 گھنٹوں کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، انتخابی دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ مکمل شفافیت یقینی بنانے کے لیے پوری پولنگ کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کی جائے گی۔ کمیشن نے نظم و نسق کی سخت نگرانی کے لیے 122 عام مبصرین، 20 پولیس مبصرین اور 34 اخراجات کے مبصرین تعینات کیے ہیں۔
دوسرے مرحلے کی 122 اسمبلی نشستوں کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 45,399 پولنگ مراکز پر 3 کروڑ 70 لاکھ 13 ہزار 556 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے 136 خواتین، 1165 مرد اور ایک دیگر امیدوار سمیت 1302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ووٹروں میں 1 کروڑ 95 لاکھ 44 ہزار 41 مرد، 1 کروڑ 74 لاکھ 68 ہزار 572 خواتین اور 943 دیگر شامل ہیں۔سب سے زیادہ 3,67,667 ووٹر ہسوا اسمبلی نشست پر ہیں، جبکہ سب سے کم 2,47,574 ووٹر مخدوم پور نشست پر ہیں۔ مکمل طور پر خواتین کے زیر انتظام پولنگ مراکز کی تعداد 595 ہے، جبکہ ماڈل پولنگ مراکز کی تعداد 316 ہے۔ 80 سال سے زائد عمر کے ووٹروں کی تعداد 4,87,219 اور سو سالہ ووٹروں کی تعداد 6,255 ہے۔دوسرے مرحلے کے انتخابات میں سب سے زیادہ 22 امیدوار چین پور، سہسرام اور گیا ٹاؤن میں ہیں، جبکہ لوریا، چنپٹیا، رکسول، سگولی، تریوینی گنج اور بنمنکی میں سب سے کم 5 امیدوار میدان میں ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات